وزیراطلاعات سندھ نثار کھوڑو کرپشن کے خلاف کارروائی کا اختیار رینجرز کو نہیں ہے، وفاقی حکومت نے وزیراعلیٰ سندھ کی رینجرز سے متعلق شکایت پر نوٹس لیا ہے۔
حیدرآباد پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراطلاعات سندھ کا کہنا تھا رینجرز کو دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے ذمے داری دی تھی ، اب اگر رینجرز کو کسی کو گرفتار کرنا ہے تو اس کو پہلے وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہ کرنا ہوگا ۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا اپیکس کمیٹی کا اجلاس وزیراعلیٰ سندھ کی صدارت میں ہوتا ہے، جبکہ اجلاس میں گورنر، کورکمانڈر رینجرز ، ڈی جی رینجرز ، آئی جی سندھ ، سیکریٹری داخلہ سمیت دیگر افسران موجود ہوتے ہیں۔
نثار کھوڑو کا کہنا تھا وفاقی حکومت سندھ میں ونڈمل پاور پروجیکٹ پر پابندی لگا کر رکاوٹیں ڈال رہی ہے۔ اسکول فیس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا ایسا قانون نہیں کہ نجی تعلیمی ادارے یکطرفہ فیسوں میں اضافہ کر دیں ، اگر کسی کو اضافہ کرنا ہے تو اس کو قانون کے مطابق اضافہ کرنا ہو گا ورنہ قانون کی خلاف ورزی پر نجی تعلیمی اداروں کو بند بھی کیا جا سکتا ہے ۔