آئل مافیا نہیں چاہتا ملک میں سستی بجلی پیداہو،شاہدخاقان عباسی

160

وفاقی وزیرپیٹرولیم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے آئل مافیا نہیں چاہتا کہ ملک میں سستی بجلی دستیاب ہو ، ہمارے گیس کے ذخائر بہت محدود ہیں ، ایل این جی کے دوسرے ٹرمینل کی تعمیر سے بجلی کی قلت دور ہوجائے گی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرپیٹرولیم کا کہنا تھا گذشتہ دس سالوں کے دوران تین حکومتوں نے ایل این جی لانے کی کوشش کی ، مگر ہم ہم پہلے 20 ماہ میں ایل این جی لانے میں کامیاب ہو گئے ہیں ۔ ہمارے گیس کے ذخائر محدود ہیں جس کی وجہ سے ہماری طلب پوری نہیں ہو رہی ، ایل این جی گیس کی قلت دور کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا ایل این جی ٹرمینل بی او ٹی بنیادوں پر شفاف انداز ریکارڈ مدت میں تعمیر کیا گیا ، ایل این جی کے 10 کارگو بحری جہاز آچکے ہیں، پہلے سال 30 بحری جہازوں سے ایل این جی درآمد کا ہدف ہے۔ وزیرپیٹرولیم کا کہنا تھا گیس کی قلت کی وجہ سے 18010 میگاواٹ بجلی پیدا نہیں ہو پا رہی۔ قطر کے ساتھ حکومتی سطح پر معاہدہ ہوچکا ہے، دستخط نہیں ہوئے، کنٹریکٹ پر دستخط ہونے کے بعد ایل این جی کی قیمت طے ہو گی۔

وفاقی وزیرپیٹرولیم کا کہنا تھا ارکان پارلیمنٹ سے مائع گیس خریداری پر تجاویز طلب کی تھیٕں ، بجلی اور کھاد کے کارخانے ایل این جی استعمال کر رہے ہیں، ایل این جی کے ذریعے بجلی گھر چلانے سے سالانہ ایک ارب ڈالرکی بچت ہو گی۔ ان کا کہنا تھا قطر سےایل این جی کے 6 کارگو بحری جہاز آئے تھے جن میں 2 جہاز کھاد بنانے والوں نے لے لئے اور ایل این جی کے 4 بحری جہاز سی این جی سیکٹرز نے لیے۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا توقع ہے رواں مہینے ایل این جی کی قیمت طے ہو جائے گی۔