چنگ چی اور سی این جی رکشہ کو قانون کے دائرے میں لاکر بحال کیا جائے،حافظ نعیم الرحمن

233

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم ا لرحمن نے کہا ہے کہ کراچی میں ٹرانسپورٹ کا مسئلہ حل ہو نا چاہیئے۔ چنگ چی اور سی این جی رکشہ کو بھی قانون کے دائرے میں لاکر فوری بحال کر نے کی ضرورت ہے ۔یہ انسانی مسئلہ ہے ،لاکھوں محنت کش فاقہ کشی کا شکار ہیں ۔عدالتِ عظمیٰ کے معزز جج صاحبان نے گزشتہ سماعت کے مو قع پر غریبوں کا موقف ہمدردی سے سننے کے بعد حوصلہ افزاءریمارکس دیئے تھے وہ آج سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سی این جی و چنگ چی رکشہ کیس کی سماعت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔

اس مو قع پر ایکشن کمیٹی کے صدر محمود حامد ،سی این جی و چنگ چی رکشہ ایسوسی ایشن کے عہدیداران اورنگزیب واحدی ،پرویز اختر ،عبد الوحید ایڈوکیٹ ،جماعت اسلامی کراچی کے جنرل سیکریٹری عبد الوہاب اور سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی مو جود تھے ۔حافظ نعیم ا لرحمن نے کہا کہ کراچی ڈھائی کروڑ آبادی کا شہر ہے ۔کراچی میں ٹرانسپورٹ کا مسئلہ ایک گمبھیر مسئلہ ہے ۔یہاں بڑی بسیں بند ہو گئی ہیں ،منی بسیں بھی تقریباً ختم ہو چکی ہیں ۔سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے جو گرین بسیں شہر میں چلائی تھیں وہ بھی بند ہو چکی ہیں ۔ماس ٹرانزٹ کے منصوبوں کو بھی سرد خانے کی نظر کر دیا گیا ہے ایسی صورت میں ٹرانسپورٹ کے مسائل کے حل میں چنگ چی اور سی این جی نے پیدا ہونے والے خلاءکو کسی حد تک پُر کیا تھا مگر انہیں اچانک بند کر دینے کے باعث اس کاروبار سے وابستہ لوگ فاقہ کشی کا شکار ہیں اور انتہائی مایوسی کی حالت میں خود کشی کر نے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔اس وقت 50لاکھ سے زائد شہری ٹرانسپورٹ کی سہولتوں سے محروم ہو کر پریشانی کا شکار ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ انتہائی سنگین ہے اسے فوری حل ہو نا چاہیئے تھا مگر افسوس کی بات یہ ہے کہ ہماری عدالتوں پر ضرورت سے زیادہ مقدمات کا بوجھ ہے جس کے باعث فیصلوں میں تاخیر ہو تی ہے ۔ہمیں امید ہے کہ تمام مدعیان کا موقف جاننے کے بعد عدالتِ عظمیٰ جلد از جلد فیصلہ فر مائے گی اور لو گوں کو فاقہ کشی سے نجات ملے گی ۔امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی اول روز سے مظلوموں کے ساتھ ہے اور آخر دم تک ان کی بھر پور حمایت جاری رکھے گی ۔