آلائشیں ٹھکانے لگانے اور صفائی ستھرائی کے لیے پہلے سے اقدامات کیے جائیں،حافظ نعیم الرحمن

267

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے حکومت اور شہری انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ عید الاضحی کے موقع پر شہر میں قربانی کے جانووروں کی آلائشیں ٹھکانے لگانے اور صفائی ستھرائی کے موثر انتظامات کے لیے پہلے سے اقدامات کرے اور عید کے تینوں دنوں اور اس کے بعد مکمل صفائی اور ستھرائی کویقینی بنائے، شہر بھر میں جراثیم کش اسپرے کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عید الاضحی کے موقع پر ہر سال کراچی کے شہری اور عوامی حلقے حکومت اور شہری اداروں سے اپیل کرتے ہیں اور اس جانب توجہ دلاتے ہیں اور حکومت کی طرف سے صفائی ستھرائی کے انتظامات کرنے کے دعوے بھی کیے جاتے ہیں لیکن عملاَ جو صورتحال پیدا ہوتی ہے وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں جگہ جگہ جانوروں کی آلائشیں پڑ ی نظر آتی ہیں گندگی پھیلنے اور صفائی ستھرائی نہ ہونے کی وجہ سے فضا میں تعفن اور بدبو کے باعث شہریوں کو سخت پریشانی اور اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور بیماریاں پھیلنے کا خدشہ بھی رہتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ شہر میں صحت مند ماحول کو یقینی بنانا ،آلائشیں ٹھکانے لگانا اور صفائی ستھرائی کے موثر انتظامات کرنا حکومت اور شہری اداروں کی ذمہ داری ہے اور انہیں اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں کوئی کسر نہیں چھوڑنی چاہیے ۔ضرورت اس بات کی ہے کہ متعلقہ اداروں کو پہلے سے ہدایت جاری کی جائیں اور اس پورے کام کو مانیٹر کیا جائے تاکہ شہری ہر سال کی طرح اس سال بھی سابقہ صورتحال سے دوچار نہ ہوں ۔