بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی دہشتگردی کے خلاف جنگ سے توجہ ہٹانے کی سازش ہے،آرمی چیف

504

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ دہشتگردی کے خلاف جنگ سے پاکستان کی توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش ہے ۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر آرمی چیف نے بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کے بھرپور جواب پر فوجیوں کی تعریف کی اور انہیں عیدالاضحیٰ کی پیشگی مبارکباد دی ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا پاک فوج سخت جنگی تربیت کی حامل فورس ہے ، جو بیک وقت دو مختلف اقسام کی جنگیں کامیابی سے لڑ رہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا پاک فوج مادر وطن کے ہر انچ کی حفاظت کی صلاحیت رکھتی ہے ، بھارت لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر سیز فائرلائن کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے ، بھارتی اشتعال انگیزی دہشت گردی کے خلاف جنگ سے پاکستان کی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے لیکن پاک فوج کے جوان بھارتی بلا اشتعال فائرنگ کا بھرپور جواب دے رہے ہیں۔

آرمی چیف نے کنٹرول لائن کی قریبی آبادیوں کے مکینوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والے شہریوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا،انہوں نے کہا کہ پاک فوج بھارتی فائرنگ سے متاثرہ شہری آبادی سے ہر ممکن تعاون کرے گی۔