ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے

265

ملک بھر میں عیدالاضحٰی آج مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی جارہی ہے۔ لاکھوں مسلمان حضرت ابراہیم ؑ کی سنت پر عمل کرتے ہوئے قربانی کا فریضہ ادا کر رہے ہیں۔ صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف نے عیدالاضحیٰ کی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قومی ترقی کے مشن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ انڈونیشیا، ملائشیا، بنگلہ دیش اور بھارت میں کروڑوں مسلمان آج عید قربان مذہبی جوش و جذبے سے منا رہے ہیں ۔

اسلام آباد میں عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا جہاں غیر ملکی سفارت کاروں،سرکاری افسروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے نماز عید ادا کی ، دیگر بڑے اجتماعات ، لال مسجد اورگولڑہ شریف میں بھی ہوئے ۔ جڑواں شہر راولپنڈی میں عید کی نماز کا سب سے بڑا اجتماع مرکزی عید گاہ میں ہوا۔ عید کے خطبات میں علمائے کرام نے قربانی کے فلسفے پر روشنی ڈالی اور مسلمانوں کے درمیان نفاق کو عالم اسلام کو درپیش مسائل کی بڑی وجہ قرار دیا ۔ علماء اکرم نے عالم اسلام کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے اپنی صفوں میں موجود خوارج پر کڑی نظررکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی عید الضحیِ مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی جا رہی ہے، شہر بھر میں ہزاروں مقامات پر نماز دوگانہ کی ادائیگی کے بعد سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کی جارہی ہے ۔ شہر قائد میں پانچ ہزار سے زائد مساجد ، امام بارگاہوں ، عید گاہوں اور کھلے مقامات پرعید الضحی کی نماز کے اجتماعات ہوئے ۔ ان اجتماعات میں ملک میں ترقی و خوشحالی، امن و سلامتی کی خصوصی دعائیں مانگی گئیں ۔ کراچی میں عیدکے بڑے اجتماعات گرومندر، بولٹن مارکیٹ، شاہ خراسان، کھارادر، عیدگاہ اور دیگر مقامات پر ہوئے جس میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

ملک بھر کی طرح پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں میں عید الاضحی نہایت جوش و جذبے اور عقیدت کے ساتھ عید منائی جا رہی ہے اور اس موقع پر ہزاروں فرزندان توحید نے سیکڑوں مقامات پر نماز عید ادا کی ۔ پشاور میں نماز عید کے بڑے اجتماعات چارسدہ روڈ عیدگاہ ، پشاور کینٹ ، شامی روڈ ، یونیورسٹی روڈ اور اندرون شہر کے بیشتر علاقوں میں نماز عید ادا کردی گئی ۔ عیدگاہ میں ملک کی سلامتی کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔ عید کے موقع پر مساجد، عید گاہوں، کھلے مقامات اور امام بارگاہوں کے باہر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔

مظفر آباد میں نماز عید کے بڑے اجتماعات، مرکزی عید گاہ ، یونیورسٹی کالج گرائونڈ، ہائی کورٹ گرائونڈ، دربار ساہیں سہیلی سرکار ،عثمانیہ مسجد ، شاہ خالد مسجد وزیر اعظم سیکرٹریٹ، مرکز اسلامی اور مرکزی امام بارگاہ میں ہوئے جہاں ہزاروں افراد نے نماز عید ادا کی ۔ اس موقع پر علما کرام نے فلسفہ سنت ابراہیمی پر روشنی ڈالی ۔ نماز عید کے اجتماعات میں پاکستان اور مقبوضہ کشمیر کے سیلاب زدگان کے لئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں ۔ عید کے موقع پر مساجد ، عید گاہوں ، کھلے مقامات اور امام بارگاہوں کے باہر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔ نماز عید کے بعد سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے فرزندان اسلام کی طرف سے قربانی کا سلسلہ جاری ہے ۔

کوئٹہ سمیت بلوچستان میں عید الاضحٰی مذہبی جوش وجذبے سے منائی جارہی ہے ، کوئٹہ میں عید نماز عید طوغی روڈ ، صادق شہید فٹ بال گرائونڈ ، سائنس کالج ریلوے ہاکی گرائونڈ سمیت 165 مقامات پر پڑھائی گئی جس میں لاکھوں فرزندان توحید نے شرکت کی ۔ نمازعید کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ، پولیس ایف سی کی 2 ہزارسے زائد نفری تعینات تھی جبکہ سیکورٹی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے فضائی نگرانی بھی کی گئی ۔

پاک فضائیہ کی طرف سے جاری کی گئی ہدایت کے مطابق قربانی کرنے والے افراد جانوروں کی آلائیشیں مخصوص مقامات پر پھینکیں یا پھر زمین میں دبا دیں ۔