سندھ رینجرز کی کارروائیاں،18ہزارکھالیں ضبط،356 افرادگرفتار

168

سندھ بھر میں رینجرز نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر 356 افراد کو گرفتار کر کے 18 ہزار سے زائد کھالوں کو قبضے میں لے لیا ۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ایسے تمام عناصر جو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے یا جنہوں نے جبری کھالیں چھیننے کی کوشش کی ان سب کو گرفتار کر لیا گیا اور چھینی گئی کھالیں برآمد کر لی گئیں ہیں ۔ ترجمان رینجرز کے مطابق کراچی میں زبردستی کھالیں چھیننے کے دوران رینجرز نے اٹھارہ ہزار سے زائد کھالیں ضبط کر لیں۔ ترجمان رینجرز کے مطابق ضابطہ اخلاق اور زبردستی کھالیں چھینے والے تین سو چھپن افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں دو سو اٹھاسی کو پولیس کے حوالے کیا گیا جبکہ پینتیس افراد کو رہا کردیا گیا۔ چھتیس سنگین جرائم میں ملوث ملزمان سے تفتیش کی جارہی ہے۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق جن تنظیموں کے کارکن گرفتار کئے گئے ان میں ایم کیوایم ، جماعت اسلامی ، اہل سنت والجماعت ، جماعتہ الاعوۃ ، دعوت اسلامی ، سنی تحریک اور میمن برادری شامل ہیں ۔ ترجمان کا کہنا ہے اس سلسلے میں تفصیلی رپورٹ جلد ہی وفاقی اور صوبائی حکومت کو ارسال کر دی جائے گی ۔ ترجمان سندھ رینجرز کا کہنا تھا کہ رینجرز ان تمام افراد کا شکریہ ادا کرتی ہے جنہوں نے رینجرز ہیلپ لائن پر بے ضابطگیوں میں مرتکب افراد کی نشاندہی کی اور سندھ رینجرز پر اعتماد کیا ۔