سپریم کورٹ کے فیصلے سے جہانگیرترین کی عزت بچ گئی ، پرویز رشید

125

وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے سپریم کورٹ نے فیصلہ دے کر پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر ترین کی عزت بچ گئی ، پاکستان کا کون سا ایسا ادارہ ہے جس پر عمران خان نے تنقید نہ کی ہو ۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا سپریم کورٹ کے فیصلوں پر تنقید افسوسناک ہے ، سپریم کورٹ ہمارے ملک سب سے معتبر ادارہ ہے ، عمران خان تمام اداروں کے خلاف شکوک و شبہات پیدا کر رہے ہیں ۔ تحریک انصاف 3 بار این اے 122 میں ن لیگ سے شکست کھا چکی ہے۔

وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا عمران خان کی سایست میری سمجھ سے بالاتر ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد جہانگیرترین نے توپوں کا رخ مسلم لیگ ن کی طرف کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا سیاست قربانیاں مانگتی ہے جو عمران خان دے نہیں سکتے۔ پرویز رشید کا کہنا تھا بنی گالہ میں بیٹھی 17 رکنی کمیٹی پارلیمانی نظام ختم کرنا چاہتی ہے، جمہوریت کے تسلسل کو کوئی نہیں روک سکتا، عمران خان ان 17لوگوں کی خوبیاں تو بتائیں جو بنی گالہ میں بیٹھے ہیں ، تحریک انصاف میں زیادہ چندہ دینے والوں کو ٹکٹ دیا جاتاہے۔

سانحہ منیٰ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراطلاعات پرویز رشید کا کہنا تھا سانحہ منیٰ میں ابھی تک 60 پاکستانی تاحال لاپتہ ہیں ۔ سانحہ منیٰ میں حجاج اپنے موبائل فونز اور دستاویزات سے محروم ہو گئے جس کی وجہ سے مشکلات پیش آ رہی ہیں ، تاہم سانحہ منیٰ کے حوالے سے معلومات سے عوام کو آگاہ رکھا جا رہا ہے ۔