سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور رہنما مسلم لیگ ن سردار ایاز صادق کا کہنا ہے عمران خان قومی سطح کی سیاست سے یوسی لیول کی سیاست پر آ گئے ہیں ، 11 اکتوبر کی شکست کے بعد پی ٹی آئی پھر دھاندلی کا رونا روئے گی۔
لاہور میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے این اے 122 کے مسلم لیگ ن کے امیدوار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے شیر اپنی سیٹ کا دفاع کرنے کے لیے تیار ہیں، عمران خان کو شکست نظر آرہی ہے، عمران خان کی ٹانگیں خوف سے کانپ رہی ہیں۔
سردار ایاز صادق کا کہنا تھا 11اکتوبر کو تاریخی فیصلہ ہو گا ، پیسوں سےالیکشن جیتے جاتے تو علیم خان کبھی نہ ہارتے ، تحریک انصاف کے نوٹوں کا ن لیگ کے ووٹوں سے مقابلہ ہوگا۔ سابق اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ نوجوان دھرنےکی سیاست سےنفرت کرنےلگے ہیں، عمران خان کو پریشانی ہے کہ 2018 میں ان کا کیا بنے گا۔
سردار ایاز صادق کا کہنا تھا عمران خان کو اقتدار اور ہمیں پاکستان کی بہتری چاہیے، عمران خان کوخوف ہےکہ اگرمعیشت کا پہیہ چل گیا تو ان کا کیا ہو گا، وزیراعظم نے دہشتگردی کے خلاف اعلان جنگ کیا اور عمران خان باربارطالبان سے مذاکرات کا کہتے تھے۔