پاکستان نے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میں زمبابوے کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز دو ایک سے اپنے نام کر لی ۔ زمبابوے نے پاکستان کو جیت کے لئے 162 رنز کا ہدف دیا تھا ۔
زمبابوے اسپورٹس کلب میں ہونے والے تیسرے اور آخری ون ڈے میں پاکستان نے زمبابوے 7 وکٹوں سے شکست دے دی ۔ پاکستان نے مطلوبہ ہدف 33 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا ۔ پاکستان کی طرف سے سب سے نمایاں بلے باز بلال آصف رہے جنہوں نے 39 گیندوں پر 38 رنز اسکور کئے ۔ پاکستان کی طرف سے احمد شہزاد اور بلال آصف نے اننگز کا آغاز کیا ۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 58 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب بلال آصف آؤٹ ہوئے ان کی وکٹ نیمبو نے حاصل کی ۔ پاکستان کی دوسری وکٹ 74 کے اسکور پر گری جب محمد حفیظ 16 گیندوں پر 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ان کی وکٹ پاینگارا نے حاصل کی ۔ پاکستان کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی احمد شہزاد تھے جنہوں نے 61 گیندوں پر 32 رنز اسکور کئے ۔ اس موقع پر اسد شفیق اور شعیب ملک نے ٹیم کی کمان سنبھالی اور پاکستان کو جیت سے ہمکنار کر دیا ۔ اسد شفیق نے 38 اور شعیب ملک نے 34 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی ۔ پاکستان نے مطلوبہ ہدف 162 رنز 33 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پورا کر لیا ۔
زمبابوے کی طرف سے پاینگارا ، نیمبو اور ویلیمز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔
اس سے پہلے پاکستان نے ٹاس جیت کر زمبابوے کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔ زمبابوے کی طرف سے چیبھابھا اور آر موتمبامی نے اننگز کا آغاز کیا ۔ زمبابوے کی پہلی وکٹ 89 رنز پر گری جب چیبھابھا نے 86 گیندوں پر 48 رنز پر آؤٹ ہوئے ۔ ان کی وکٹ بلال نے حاصل کی ۔ دوسری وکٹ 100 کے مجموعی اسکور پر گری جب بی بی چاری 9 گیندوں پر 4 رنز پر آؤٹ ہوئے ۔ ان کی وکٹ عماد وسیم نے حاصل کی ۔ اس کے بعد زمبابوے کی وکٹیں پے در پے گرتی رہیں اور ساری ٹیم 38.5 اوورز میں 161 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔
پاکستان کی طرف سے بلال آصف نے بہتری باؤلنگ کرتے ہوئے دس اوورز میں 25 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں ۔ عماد وسیم نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد عرفان اور شعیب ملک نے ایک ایک وکٹیں حاصل کیں ۔