ایل این جی سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے جلد مکمل کئے جائیں،وزیراعظم

195

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے ایل این جی سے بجل پیدا کرنے کے تمام منصوبوں کی جلد تکمیل کے لئے وزرات پانی و بجلی اور وزارت پیٹرولیم تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائیں ۔ کہتے ہیں بجلی کی پیداوار کے لئے تمام اقدامات ملکی قوانین کے مطابق کئے جائیں ۔

اسلام آباد میں وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت ایل این جی درآمد اور توانائی سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزرات پانی و بجلی اور وزارت پیٹرولیم کے حکام نے حکومت کی جانب سے جاری توانائی منصوبوں، ایل این جی کی درآمد سمیت ایل این جی سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں سے متعلق وزیر اعظم کو بریفنگ دی۔ حکام نے وزیر اعظم کو بتایا کہ سسٹم میں دوہزار سترہ تک چھتیس سو میگاواٹ بجلی شامل کر دی جائے گی۔

وزیر اعظم نے حکام کو ہدایت کی کہ ایل این جی کے پاور منصوبوں کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے اور بجلی کی پیداوار کے لئے تمام اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے وزارت پانی و بجلی اور وزارت پٹرولیم کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ توانائی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے باہمی رابطہ اور تعاون کو یقینی بنائیں۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے توانائی منصوبوں کی جلد تکمیل کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے توانائی بحران کا ترجیحی بنیادوں پر حل چاہتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ حکومت دوہزار اٹھارہ تک توانائی بحران کا خاتمہ کرنے کا وعدے پورا کرے گی۔