وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے بیلٹ پیپر ٹینکوں میں جائیں یا ایف 16 میں، ہمیں کوئی خوف نہیں، عمران خان کو پتا ہے بلیٹ کی ہر پرچی سے شیر نکلے گا ، عمران خان لاہور اور پشاور کاموازنہ کریں۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا 1997 میں عمران خان کو این اے 122 سے شکست ہوئی، 2013 میں بھی این اے 122 میں عمران خان کا بلا گم ہوگیا تھا۔ پرویز رشید کا کہنا تھا کہ لاہور کے شہری میٹروبس کو گالی دینے والے کو کیسے ووٹ دیں گے؟
پرویز رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان پشاور اور لاہور کا موازنہ کرکے این اے 122 میں ووٹ مانگیں، پرویز خٹک کےپاس پشاور کی کوئی خوبصورت تصویر ہے تو میں دیکھنا چاہوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان انتخاب جتینے نہیں ، خراب کرنے آتے ہیں۔