واشنگٹن:امریکی محکمہ انصاف کا 6 ہزار قیدی رہا کرنے کا فیصلہ

166

امریکی محکمہ انصاف نے وفاق کے زیرِ انتظام جیلوں سے تقریباً 6ہزار قیدیوں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق ان افراد کی رہائی رواں ماہ کے آخر تک عمل میں آئے گی اور یہ امریکی تاریخ میں وفاقی جیلوں سے ایک وقت میں اتنے زیادہ قیدیوں کی رہائی کا سب سے بڑا واقعہ ہوگا۔ہزاروں قیدیوں کی رہائی کا مقصد جیل میں ہجوم میں کمی کرنا بھی ہے۔اس کے علاوہ ان میں بہت سے قیدی ایسے ہیں جو منشیات سے متعلق جرائم کی سزا میں کمی کی پالیسی سے مستفید ہوں گے۔ میڈیا کے مطابق رہائی پانے والے اکثر قیدی ابتدا میں اپنے گھروں میں نظربند کیے جائیں گے اور اس کے بعد ہی انھیں آزادی ملے گی تاہم ان کی نگرانی کی جاتی رہے گی۔سزاؤں کا تعین کرنے والے پینل نے ایسے غیر متشدد منشیات فروشوں کی سزا کے رہنما اصولوں میں تبدیلی کی ہے جو 1980ءاور 1990ءکی دہائی میں پکڑے گئے تھے۔پینل کا اندازہ ہے کہ اس تبدیلی سے امریکی جیلوں میں اس قسم کے جرائم کی وجہ سے قید ایک لاکھ میں سے 46 ہزار قیدی جلد رہائی کے حقدار ہوں گے۔