سندھ میں شفاف بلدیاتی انتخابات کے لئے فوج تعینات کی جائے ، معراج الہدیٰ صدیقی

179

امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ میں پُرامن اور صاف و شفاف بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے پولنگ کے اندر و باہر فوج کو مقرر کیا جائے تاکہ عوام بلاخوف اپنی مرضی کی قیادت کا انتخاب کرسکیں، نیز الیکشن کمیشن سندھ میں حکومتی مشینری کے استعمال اور مخالفین کو حراساں کرنے والے عمل کا سخت نوٹس لے، اور غیرجانبدار عملہ کی تعیناتی کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کرے۔

ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات سے شہروں میں تعمیر و ترقی اور عوام کے مسائل حل ہوتے ہیں مگرگذشتہ سات سالوں سے برسراقتدار اور جمہوریت کے دعویدار حکمرانوں نے عوام کو اپنے بنیادی حق سے محروم رکھا ہے۔ منتخب نمائندے نہ ہونے کی وجہ سے عوام شدید مشکلات کا شکار جبکہ کراچی سمیت سندھ کے شہر وں میں صفائی ستھرائی کا فقدان ہے، ہر طرف گندگی کے ڈھیر نظر آتے ہیں۔ عدالتی احکامات کے باوجود اب بھی سندھ حکومت حدبندیوں سے لیکر من پسند افسران مقرر کرنے تک بلدیاتی انتخابات پر اثر انداز اور اس کے مزید التوا کیلئے مختلف حیلے بہانے تلاش کرنے میں مصروف ہے جوکہ افسوس ناک امر ہے۔

انہوں نے کہاکہ عوام کا پیسہ عوام کی فلاح وبہبود پر خرچ کرنے کیلئے ضروری ہے کہ بروقت بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں۔ جماعت اسلامی ، سندھ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے رہی ہے۔ ہم نے قوم کے سامنے اہل ، دیانتدار اور انسانیت کی خدمت کے جذبہ سے سرشار قیادت پیش کر دی ہے۔ عوام جماعت اسلامی کے نامزد امیدواروں کے نشان ترازو پر مہر لگا کر بہتر قیادت کا انتخاب کریں۔ عوام نے خدمت کا موقع دیا تو ان شاءاللہ انکے اعتماد پر بھرپور پورا اتریں گے۔