بھارت میں وزیراعظم پاکستان پر مقدمہ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ ہے، سرتاج عزیز

175

مشیرخارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت میں وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف  کیخلاف مقدمہ درج ہونا پوائنٹ اسکورنگ کی سوا کچھ نہیں ، پاکستان کشمیریوں کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

جمعرات کو ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں کئی روز سے کرفیو نافذ کررکھا ہے ، بھارتی فوج نہتے کشمریوں پراسلحہ استعمال کررہی ہے، بھارتی فوج کی فائرنگ سے50 کشمیری شہید اورساڑھے 3 ہزارزخمی ہوچکے ہیں، بھارتی فوج کی جانب سے اسپتالوں پرآنسوگیس کی شیلنگ جاری ہے جب کہ چھرہ بندوق استعمال کرنے سے کشمیری بچے بینائی کھوچکے ہیں۔

مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ برہان وانی کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف سراپا احتجاج نہتے کشمیریوں پر بھارتی فورسز کی جانب سے اسلحے کے استعمال پر پاکستان کو شدید تشویش ہے۔ انہوں نے حریت رہنما سید علی گیلانی کے چار نکاتی فارمولے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا حل کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق چاہتا ہے۔

سرتاج عزیز نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی سیاسی قیادت متحد اور پہلے سے زیادہ پرعزم ہے جبکہ20 جولائی کو یوم سیاہ منا کر پوری قوم نے کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

ایک سوال کے جواب میں سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان افغانستان مفاہمتی عمل دوبارہ شروع کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ پرامن افغانستان کے لئے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔