سندھ رینجرز نے اندرون سندھ آپریشنز کی تفصیلات جاری کر دیں

207

پاکستان رینجرز سندھ نے اندرون سندھ کئے جانے والے آپریشنز کی تفصیلات جاری کر دیں، آپریشن کی تفصیلات رینجرز کے خصوصی اختیارات ختم ہونے کے بعد جاری کی گئی ۔

تفصیلات آئین کے آرٹیکل ایک سو سینتالیس اے کے تحت جاری کی گئیں ۔ 5 ستمبر 2013 ء سے اب تک اندرون سندھ کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشنز کئے گئے ان آپریشنز کے دوران 533 ملزمان کو گرفتار کیا گیا 478 ملزمان کو پولیس کے حوالہ کیا گیا، 55 ملزمان کو دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالہ کیا گیا ۔ اندرون سندھ کارروائیوں میں رینجرز کے دو افسران اور ایک جوان شہید ہوا ۔ ملزمان کی فائرنگ سے دو جوان زخمی بھی ہوئے ۔

اندرون سندھ سے 34 کالعدم اور 16علیحدگی پسند تنظیموں کے کارکن گرفتار کئے گئے ۔ اندرون سندھ سے ایم کیو ایم کے عسکری ونگ کے 4 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا ۔ 5 ستمبر کے بعد اندرون سندھ سے 127 افغان باشندے بھی گرفتار کئے گئے ۔ رینجرز نے 18 ڈاکو ، 10 اسمگلرز ، 11 غیر قانونی شکاری اور 24 منشیات فروشوں کو بھی گرفتار کیا ۔