آج دنیا بھرمیں یوم کشمیرمنایا جارہا ہے

155

مقبوضہ کشمیرمیں آزادی پسند رہنماؤں سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے مشترکہ احتجاجی کیلنڈر جاری کردیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آزادی پسند رہنماؤں نے سرینگر سے جاری ایک مشترکہ بیان میں آج جمعہ کودنیا بھر میں یوم کشمیر منانے کی اپیل کا اعادہ کرتے ہوئے ہفتہ کو ہڑتال اوراتوارکو ہڑتال اور شام کو بلیک آوٹ کرنے اور پیر کو ہڑتال اور اسلام آباد میں حالیہ دنوں کے دوران میں شہیدہونے والے نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے جلسہ عام کی کال دی گئی ہے۔

آزادی پسند رہنماؤں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قیادت کی طرف سے جاری پروگرام پر ہمت اور حوصلے کے ساتھ عمل کرتے ہوئے بھارتی ایوانوں تک یہ پیغام پہنچائیں کہ جب تک بھارت کا ایک بھی فوجی ہماری سرزمین پر موجود ہے ،ہماری جدوجہد ہر قیمت پر جاری رہے گی۔

آزادی پسند قائدین نے کشمیری عوام کے ساتھ ساتھ دنیا کے تمام انصاف پسند لوگوں اور مختلف ممالک میں مقیم کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ ’’یومِ کشمیر‘‘ کے موقع پر جلسے اور جلوس کرکے تنازعہ کشمیر کے حل کی اہمیت کو اُجاگر کریں اور کشمیری عوام پر جاری جبروزیادتیوں کے خلاف آواز بلند کریں۔ اس دن جموں و کشمیر میں بھی مکمل ہڑتال کی جائیگی اور لوگ نماز جمعہ کے بعد مقامی طور بڑے جلسے ،جلوس اور دھرنے دیں گے۔ حریت رہنماؤں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ اس دیرینہ مسئلے کے حتمی حل کیلئے اپنا اثرورسوخ استعمال کریں۔