رواں سال ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 39 فیصد اضافہ ہوا ہے جس میں بڑا حصہ چین کا ہے
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق دوران سال چین کی جانب سے کی جانے والی براہ راست سرمایہ کاری میں گزشتہ مالی سال کے دوران 130فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔
مالی سال 2015-16ء کے دوران پاکستان میں کی جانے والی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 1.281ارب ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ مالی سال 2014-15ء کے دوران ملک میں 923ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی گئی تھی اسطرح مالی سال 2014-15ء کے مقابلہ میں سرمایہ کاری کی شرح میں 38.8فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران چین کی جانب سے پاکستان میں 594ملین ڈالر کی ایف ڈی آئی کی گئی جبکہ مالی سال 2014-15ء کے مقابلہ میں گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان میں 130فیصد زائد براہ راست سرمایہ کاری کی گئی ہے ۔
اقتصادی ماہرین نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ کی تکمیل سے پاکستان غیرملکی سرمایہ کاروں کیلئے پر کشش ملک بن جائے گا جس سے قومی معیشت کی ترقی میں نمایاں اضافہ ہوگا۔