صفائی کے حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا، قائم علی شاہ

254

وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ صفائی کے معاملے پر مجھے کسی نے ماموں نہیں بنایا کراچی سے صفائی کاآغاز میں نے کردیا ہے آئندہ دو تین ماہ میں شہر میں مزید بہتری نظر آئیگی۔

دبئی روانگی سے قبل کراچی ائیرپورٹ پر میڈٰیا سے گفتگو کرتے ہوئے قائم علی شاہ نے کہا کہ شہر کا اچانک دورہ کیا منظور کالونی نالے پر جاری کام کا معائنہ کیا شہر میں صفائی کی صورتحال بہتر ہورہی ہے ۔

قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ وزیر بلدیات مجھے راستے میں ملے تھے انہوں نے مجھے صفائی کے بارے میں بریفنگ دی ایک صحافی نے جب ان سے سوال کیا کہ وزیر بلدیات نے آپ کو ماموں تو نہیں بنایا تو جواب میں قائم علی شاہ نے کہا کہ مجھے کسی نے چونا نہیں لگایا ۔

رینجرز اختیارات کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب پر قائم علی شاہ نے کہا کہ میں دبئی جارہا ہوں جہاں اعلیٰ قیادت سے اس معاملے پر بات کرونگا حتمی فیصلہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے کرنا ہے میں دو تین روز دبئی میں قیام کرونگا اس دوران ملکی سلامتی سے متعلق پیپلزپارٹی کا اجلاس بھی ہوگا جس میں مجھے شرکت کرنی ہے۔

میڈٰیا سے گفتگو کرتے ہوئے قائم علی شاہ نے کراچی میں صفائی کے حوالے سے دئیے گئے بیانات پر یوٹرن لیتے ہوئے کہا کہ میں نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا دورے کے دوران شہر میں صفائی کا انتظام کچھ بہتر ہوا آئندہ 2 ماہ میں مزید بہتری آئیگی ۔

اس موقع وزیر بلدیات جام خان شورو نے کہا کہ جو راستے صاف تھے وزیراعلیٰ کو ان علاقوں کو دورہ کرایا گیا روزانہ کی بنیاد پر کراچی میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیاجائیگا ۔

یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے دبئی روانگی سے قبل شہر کا اچانک دورہ کیا اس دوران وزیر بلدیات سندھ خود وزیراعلیٰ کی گاڑی ڈرائیو کرتے رہے قائم علی شاہ کو ان پوش علاقوں کا دورہ کرایا گیا جہاں صفائی کی صورتحال بہتر تھی کسی قسم کا کچرے کا نام ونشان نہ تھا ،وزیر بلدیات نہایت ہوشیاری کے ساتھ انہیں شہر کا دورہ کرانے کے بعد سیدھے کراچی ائیرپورٹ لیکر پہنچے جہاں سے وہ دبئی کے لئے روانہ ہوئے ۔