جاپان میں معذرو افراد کے سینٹر پرچاقوؤں سے حملہ ، 19 افراد ہلاک

177

جاپان کے شہر ساگامیہارا میں معذور افراد کی نگہداشت کے لیے قائم ایک رہائشی سینٹر میں حملہ آور نے چاقو سے وار کر کے 19 افراد کو ہلاک کردیا۔

غیر ملکی نشریاتی ادارے کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب ہونے والے اس حملے میں 26 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے 20 کی حالت تشویشناک ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص کو حراست میں لیا گیا ہے جس کی عمر 26سال ہے اور اس شخص نے خود پولیس اسٹیشن جا کر اعتراف کیا کہ یہ قتل اس نے کیے ہیں۔ مبینہ حملہ آور سوکی یمایوری گارڈن فیسیلٹی نامی معذوروں کے اس ادارے کا سابقہ ملازم ہے۔

یہ ادارہ ٹوکیو کے جنوب مغرب میں40 کلومیٹر دور واقع ہے۔حملہ آور مقامی وقت کے مطابق شب ڈھائی بجے اس ادارے کی عمارت میں داخل ہوا اور اس نے لوگوں پر چاقو سے وار کرنا شروع کیا۔واقعے کے وقت وہاں عملے کے آٹھ ارکان موجود تھے جبکہ اس ادارے میں 149 افراد رہائش پذیر ہیں۔

اطلاعات کے مطابق مبینہ حملہ آور نے پولیس کو بتایا ہے کہ وہ چاہتا تھا کہ معذور لوگ غائب ہو جائیں۔واضح رہے کہ جاپان کی تاریخ میں خنجر زنی کے واقعات میں یہ سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔