مقبوضہ کشمیر میں ایک بار پھر کرفیو نافذ

184

مقبوضہ کشمیر میں ایک بار پھر کرفیو نافذ کردیا گیا جب کہ پلوامہ اور شوپیاں میں دفعہ 144 نافذ کر کے انٹر نیٹ سروس بند اور بھارتی فوج کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایک روز کی نرمی کے بعد بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے جنوبی علاقوں میں دوبارہ کرفیو نافذ کردیا ہے۔ اس کے علاوہ مقبوضہ وادی کے ضلع پلوامہ اور شوپیاں میں دفعہ 144 نافذ کر کے فوج اور پیرا ملٹری فورسز کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے تاکہ بھارت مخالف ریلیوں اور تحریک آزادی کے جلوسوں کو بندوق کے زور پر دبایا جا سکے۔

مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی حکومت نے جنت نظیر وادی کے 10 اضلاع میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی ۔بھارتی حکومت نے 17 روز کے کرفیو کے بعد گرشتہ روز مقبوضہ کشمیر میں کرفیو میں نرمی کی تھی جس کے بعد سری نگر سمیت پوری وادی میں بھارت مخالف ریلیاں اور مظاہرے شروع ہو گئے تھے جس پر بھارتی فوج نے بلا اشتعال فائرنگ کر کے مزید 4 کشمیریوں کو شہید کردیا تھا۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کے نوجوان کمانڈر برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد پوری وادی میں بھارت مخالف مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا جب کہ بھارتی فورسز نے برہان وانی کی نماز جنازہ میں شرکت کرنے والوں پر فائرنگ کر کے 55 افراد کو شہید اور 1500 سے زائد کو زخمی کردیا تھا۔