پاکستان اور بھارت سیز فائر کی خلاف ورزی نہ کرنے پر متفق

187
بھارت کو طے شدہ وقت اور مقام پر سبق سکھائیں گے،پاکستان
بھارت کو طے شدہ وقت اور مقام پر سبق سکھائیں گے،پاکستان

پاکستان رینجرز پنجاب اور بھارتی سیکیورٹی فورس کے درمیان آئندہ سیز فائر کی خلاف ورزی نہ کرنے پر اتفاق ہو گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق  بھارتی سیکیورٹی فورس کا 14رکنی وفد 2روزہ دورے پر پاکستان میں موجود ہے جہاں آج مذاکرات کا پہلا دور ہوا جس میں بی ایس ایف کے ڈائریکٹر جنرل شری کرشن کمار شرما نے بھارت اور ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل عمر فاروق برکی نے پاکستان کی نمائندگی کی۔

اس موقع پر سرحد پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں، اسمگلنگ اور غیر قانونی نقل و حرکت پر بات کی گئی جب کہ اجلاس میں بارڈرکے دونوں جانب مارے جانے والے اسمگلروں کی تعداد اور تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران دونوں جانب سے ایک دوسرے پر سرحدی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا جس کے بعد اتفاق کیا گیا کہ آئندہ سیز فائر کی خلاف ورزی نہیں کی جائے گی اور اس حوالے سے ایک دوسرے سے رابطے بڑھانے کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں گے۔

بی ایس ایف کی جانب سے پٹھان کوٹ واقعے کو ایجنڈے کا حصہ بنانے کی تجویز پیش کی گئی جسے ڈی جی رینجرز پنجاب نے مسترد کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ پٹھان کوٹ حملہ بھارت کا اندرونی معاملہ ہے اور پاکستان واقعے کی تحقیقات کے لئے اپنی ٹیم بھارت بھیج کر تعاون کا عملی مظاہرہ کرچکا ہے جب کہ پٹھان کوٹ واقعہ کا بارڈر معاملات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ مذاکرات کا دوسرا دور کل شروع ہوگا