ترکی میں مزید تین باغی اہلکارگرفتار

178

ترکی پولیس نے فوجی بغاوت میں شامل مزید 3 باغی اہلکاروں کو گرفتار کر لیا جبکہ سرکاری فضائی کمپنی ترکش ایئر لائن نے اپنے 211 ملازم برطرف کر دیے۔

ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق گرفتار شدہ اہلکاروں نے اس ہوٹل پر حملہ کیا تھا جس میں بغاوت کے دوران صدر رجب طیب اردوان رہائش پذیر تھے۔ ترکش ایئر لائن کے ملازمین میں مینجمنٹ اور کیبن کریو کے ملازمین شامل ہیں.

ترکی میں ناکام بغاوت کے بعد 42 صحافیوں کی گرفتاری کے وارنٹس جاری کردیے گئے ہیں، جنہیں 2013 میں کرپشن میں ملوث وزراء پر تنقید کی وجہ سے حکومت کے حامی اخبار سے بھی نکال دیا گیا تھا۔

ادھر ترک وزیر خارجہ مولود چاووش اوگلو نے اعلان کیا کہ ان کا ملک انقلاب کی ناکام کوشش کے پس منظر میں متعدد سفیروں کو برطرف کرے گا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ اگر امریکا نے فتح اللہ گولن کو حوالے نہ کیا تو انقرہ اور امریکہ کے درمیان تعلقات متاثر ہوں گے.