الیکشن کمیشن کا ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ کی نئی تاریخ دینےکا فیصلہ

183

چیف الیکشن کمشنر کی زیرصدارت نومنتخب الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ممبران کا اجلاس ہوا جس میں سندھ اور پنجاب میں ملتوی ہونے والے ضمنی الیکشن کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا ۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا خان کی زیر صدارت پنجاب اور سندھ میں ضمنی انتخاب کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں کمیشن کے نومنتخب ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب اور سندھ کے پانچ حلقوں میں ضمنی انتخاب کے لئے نئی تاریخ دی جائے گی۔ کمیشن نے اجلاس کے دوران یہ فیصلہ بھی کیا کہ حالیہ انتخابات میں منتخب ہونے والے امیدواروں کے نوٹیفیکیشن بھی جاری کئے جائیں گے۔

قبل ازیں 16 جون کو چیف الیکشن کمشنر نے پنجاب اور سندھ کے 5 قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں میں الیکشن کمیشن کے غیر فعال ہونے کی وجہ سے انتخابات ملتوی کر دیئے تھے۔ ان میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 63 جہلم، این اے 162 ساہیوال، پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 232 وہاڑی، پی پی 240 ڈی جی خان اور سندھ کا حلقہ پی ایس 127 کراچی شامل ہیں۔