پالی کیلے ٹیسٹ، سری لنکا کے ہاتھوں آسٹریلیا کو 106 رنز سے شکست

197

سری لنکا نے آسٹریلیا کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 106 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، آسٹریلوی ٹیم 268 رنز کا ہدف حاصل نہ کر سکی اور پوری ٹیم 161 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق  پالے کیلی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز آسٹریلیا نے 268 رنز کے تعاقب 83 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز دوبارہ شروع کی تو اسٹیون اسمتھ 26 اور ایڈم ووجز 9 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، ایڈم ووجز گزشتہ روز کے اسکور میں صرف تین رنز کا اضافہ کر سکے اور 12 رنز بناکر رنگنا ہیراتھ کا نشانہ بن گئے۔ اسٹیون اسمتھ اور مچل مارش نے پانچویں وکٹ میں 43 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا اسکور 139 تک پہنچا دیا، مچل مارش آسٹریلیا کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 25 رنز بناکر رنگنا ہیراتھ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

اپنے اگلے ہی اوور میں رنگنا ہیراتھ نے اسٹیون سمتھ کو ایل بی ڈبلیو کرکے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلا دی، اسمتھ 55 رنز بنا سکے۔ اس کے بعد آسٹریلیا کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں، مچل اسٹارک صفر، نیتھن لائن 8 ، پیٹر نیول 9 اور اسٹیو اوکیف 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ رنگنا ہیراتھ نے پانچ اور لکشن سینڈاکان نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔کوسال مینڈس کو 176 رنز کی اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔