پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی،100انڈیکس میں 271پوائنٹس کا اضافہ

189

کراچی : پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں تیزی کا رجحان رہا، کے ایس ای 100 انڈیکس 271.82 پوائنٹس کے اضافے سے 39800.64 پوائنٹس پر بند ہوا۔

تفصیلات کے مطابق کاروباری نئے کاروباری ہفتہ کے آغاز پر پیر کو پی ایس ایکس میں تیزی کا رجحان برقرار رہا اور کے ایس ای 100 انڈیکس 271.82 پوائنٹس کے اضافے سے 39800.64 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس بھی 103.66 پوائنٹس کے اضافے سے 22846.65 پوائنٹس پر بند ہوا۔ اسی طرح کے ایس سی آل شیئر انڈیکس میں 171.07 پوائنٹس کی تیزی رونماءہوئی جبکہ کے ایم آئی 30 انڈیکس میں بھی 135.09 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

مزیدبرآں بینکس ٹریڈ ایبل (بی اے ٹی آئی) انڈیکس 233.65 پوائنٹس کی تیزی سے 16832.63 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ آئل اینڈ گیس ٹریڈ ایبل (او جی ٹی آئی) انڈیکس 134.18 پوائنٹس کے اضافہ سے 15085.23 پوائنٹس پر بند ہوا۔ آل شیئر اسلامک انڈیکس 129.14 پوائنٹس کی تیزی سے 18488.09 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں مجموعی طور پر 380 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے 241 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 118 کمپنیوں کے حصص کے بھاﺅ میں مندی اور 21 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

سب سے زیادہ تیزی یونی لیور فوڈز کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی جس کے حصص کی قیمت 25 روپے کے اضافے سے 5350 روپے پر بند ہوئی۔ اسی طرح پیکیجز لمیٹڈ کے حصص کی سودے بھی 15.32 روپے کی تیزی سے 718.38 روپے پر بند ہوئے۔ سب سے زیادہ مندی رفحان میز پروڈکٹس اور پاک ٹوبیکو کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی۔ رفحان میز پروڈکٹس کے حصص کی قیمت 44.90 روپے کی مندی سے 7455 روپے اور پاک ٹوبیکو کے حصص کی قیمت بھی 24.75 روپے کی کمی سے 1156 روپے رہ گئی۔

سب سے زیادہ کاروبار سوئی نادرن گیس کے حصص میں ہوا جو 1 کروڑ 51 لاکھ 99 ہزار شیئرز رہا جس کی قیمت 45.10 روپے سے شروع ہو کر 44.20 روپے پر بند ہوئی جبکہ کے الیکٹرک لمیٹڈ کے 1 کروڑ 42 لاکھ 44 ہزار حصص کے سودے 8.24 روپے سے شروع ہو کر 8.14 روپے بند ہوئے۔ مجموعی طور پر 20 کروڑ 37 لاکھ 83 ہزار 560 حصص کا کاروبار ہوا جس کا تجارتی حجم 10 ارب 73 کروڑ 63 لاکھ 84 ہزار 314 روپے رہا۔

مارکیٹ کیپیٹل78 کھرب 87 ارب 24 کروڑ 95 لاکھ 63 ہزار 796 روپے سے بڑھ کر 79 کھرب 38 ارب 52 کروڑ 90 ہزار 210 روپے ہو گیا۔ فیوچر ٹریڈنگ میں 136 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 17 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں مندی اور 1 کمپنی کے حصص کی قیمت میں استحکام رہا جبکہ 3 کروڑ 1 لاکھ 59 ہزار 500 حصص کا کاروبار ہوا۔