کراچی میں مہنگائی کی شرح 4 اعشاریہ 7 فیصد زیادہ رہی، اسٹیٹ بینک

176

رواں سال جون کا مہینہ کراچی کے باسیوں پر بھاری گزرا اور انہیں شدید ترین مہنگائی کے بحران کا سامنا کرنا پڑا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق کراچی میں مہنگائی کی شرح گزشتہ سال جون کے مقابلے میں 4 اعشاریہ 7 فیصد زیادہ رہی جس نے عوام کا بھرکس نکال دیا۔

مہنگائی کے معاملے میں لاہور کے باسی خوش نصیب رہے اور انہیں گزشتہ سال کے مقابلے میں صرف اعشاریہ 8 فیصد مہنگائی کا سامنا کرنا پڑا۔ علاوہ ازیں رواں سال جون کا مہینہ کوئٹہ اور اسلام آباد کے مکینوں کیلئے بھی کچھ خاص خوشگوار نہیں رہا اور انہیں 2 اعشاریہ 5 فیصد مہنگی اشیا خورونوش خریدنی پڑیں ۔

واضح رہے کہ پاکستان میں جون کے مہینے میں وفاقی حکومت بجٹ پیش کرتی ہے اور بجٹ سے پہلے ملک بھر میں ذخیرہ اندوز اور گراں فروش متحرک ہوجاتے ہیں اور دل کھول کر ناجائز منافع خوری کرتے ہیں جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔