ڈونلڈ ٹرمپ صدر بننے کے اہل ہی نہیں، براک اوباما

159

امریکہ کے صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ آئندہ صدر کے لیے رپبلکن پارٹی کے نامزد امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ صدر بننے کے لیے نااہل ہیں، کبھی کسی کے بارے میں یہ نہیں سوچا تھا کے وہ بطور صدر کام نہیں کر سکتے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کیمطابق براک اوباما کا کہنا تھا کہ رپبلکن پارٹی کے امیدوار صدر کے عہدے کے لیے نا اہل ہیں اور وہ مسلسل یہ ثابت کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایک گولڈ اسٹار خاندان جس نے غیر معمولی قربانی دی ہو اس پر حملے کی حرکت نے ثابت کیا ہے کہ وہ اس کام کے لیے قطعی قابل نہیں ہیں۔

امریکی صدر نے سوال کیا کہ ان کی پارٹی اب تک اس ارب پتی کی کیوں حمایت کر رہی ہے؟براک اوباما کا کہنا تھا کہ ایک وقت آتا ہے جب آپ کہتے ہیں بس بہت ہو گیا۔ انھیں کئی سابق رپبلکن صدور اور امیدواروں سے پالیسی اختلافات رہے ہیں لیکن انھوں نے کبھی کسی کے بارے میں یہ نہیں سوچا تھا کے وہ بطور صدر کام نہیں کر سکتے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو ایک بیان میں صدر اوباما کی ناکام قیادت کے بارے میں ایک بیان جاری کیا لیکن انھوں نے صدر کی تنقید کا کوئی جواب نہیں دیا۔براک اوباما نے ان رپبلکن رہنماؤں سے بھی سوال کیا جو متواتر ٹرمپ کی جانب سے خواتین، تارکینِ وطن اور مسلمانوں کے بارے میں دیے جانے والے بیانات پر الجھتے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کیا یہ معاملہ آپ کی پارٹی کے بارے میں بتاتا ہے کہ یہ آپ کا معیار ہے؟رپبلکن پارٹی کے اعلی رہنماؤں ایوان کے اسپیکر پال ریان اور سینیٹ کے رہنما مچ مک کونیل دونوں ڈونلڈ ٹرمپ کے بڑے ناقدین رہے ہیں تاہم ٹرمپ کو اکثریت کی حمایت حاصل ہے۔