جاپانی ماہرین نے آنکھوں میں آنسو نہ لانے والی پیاز اگا لی

293

جاپانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق خواتین کو رلانے والی پیاز اب انہیں رلا نہیں سکے گا،کیوں کہ جاپان میں ہاؤس فوڈ گروپ کے ماہرین نے ایسے پیاز کی فصل تیار کر لی ہے جو خواتین کی آنکھوں میں آنسو لانے کا موجب نہیں بنے گی۔ انہوں نے اس پیاز کو ’خوشی کی گیند ( سمائل بال) کا نام دیا ہے اور اس کی تیاری میں 20 سال کی انتھک محنت لگی ہے۔

ماہرین کے مطابق پیاز میں ایک اینزائم کی وجہ سے آنکھوں میں جلن اور اشک آتے ہیں اس لئے انہوں نے اینزائم کو ہی بہت کمزور کردیا ہے لیکن اس سے سبزی کے معیار اور ذائقے پر کوئی فرق نہیں پڑا ہے،مکمل طور پر نمو پذیر پیاز سے کوئی گیس خارج نہیں ہوتی اور اس کا ذائقہ بھی بہتر کیا گیا ہے۔

جاپانی سائنسدانوں کے مطابق یہ ٹیکنالوجی تجارتی پیمانے پر استعمال کے لیے بالکل تیار ہے لیکن رواں سال موسمِ خزاں میں اس کی باقاعدہ آن لائن فروخت شروع ہوجائے گی، شروع میں آزمائشی طور پر 5 ٹن پیاز مختلف اسٹورز میں فروخت کی گئی اور لوگوں نے اسے بہت سراہا۔ دو کلو پیاز کی قیمت قریباً 430 پاکستانی روپے ہے۔