امریکی سائنسدانوں نے کسان روبوٹ تیار کرلیا

244

امریکی سائنسدانوں نے باغبانی کرنے والا روبوٹ تیار کرلیا جوخود مختار فارم بوٹ زمین نرم کرکے بیج بوتا ہے اور کھیت کو بھی پانی فراہم کرتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی ماہرین نے ایک انقلابی باغبان روبوٹ تیار کیا ہے جو ازخود زمین کونرم کرنے کے ساتھ بیج بوتا ہے اور کھیت کو پانی دینے کے علاوہ 24 گھنٹے اس کی نگرانی کرتا ہے۔ اس روبوٹ کو ’فارم بوٹ‘ کا نام دیا ہے۔ اس روبوٹ کا سافٹ ویئر اور ہارڈویئر اوپن سورس ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ اسے لوگوں کی مدد سے مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے۔

فارم بوٹ کی سب سے بہترین خاصیت درستگی ہے یعنی یہ کم جگہ پر سائنسی انداز میں زیادہ سے زیادہ پودے لگاتا ہے اور پانی کی صرف ضروری مقدار ہی فراہم کرتا ہے۔ باغبانی اور زراعت ایک مہنگی شے ہے جس میں ٹریکٹر اور دوسرے آلات درکار ہوتے ہیں جبکہ فارم بوٹ از خود زمین کو تیار کرتا ہے اور اس میں بوائی کرتا ہے۔

روبوٹ کو اپنی ضرورت کے تحت کھول کر جوڑا اور توڑا جاسکتا ہے۔ روبوٹ آرڈینو 2560 اور رسبیری پائی ٹوماڈل بی کو استعمال کرتا ہے۔ پورا روبوٹ آپ کے بنائے ہوئے راستے پر چلتا ہے اور اس کا پورا انفراسٹرکچر آپ خود بھی تیار کر سکتے ہیں،دلچسپ بات یہ ہے کہ ایک ایپ کے ذریعے اسے مکمل طور پر کنٹرول کرکے آپ عمل کو خود مکمل خودکار بناسکتے ہیں۔

ایپ پر آپ کو گھرکی زمین نظر آتی ہے جس پر مختلف قطاروں میں مختلف سبزیوں کے پودے لگائے جاسکتے ہیں۔ فارم بوٹ پودوں کو پانی فراہم کرتا ہے اور پودوں کو بڑھانے والی ادویہ بھی ضرورت کے تحت شامل کرتا رہتا ہے۔ اسے سہولت کے تحت ہر قسم کے چھوٹے باغات کے لیے تیار کیا جاسکتا ہے اور ایک وقت میں مختلف اقسام کے پودے بھی اگائے جاسکتے ہیں۔