پالستان اسٹاک مارکیٹ میں مندی 3ارب ڈوب گئے

174
کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک مارکیٹ تاریخی بلندیوں کو چھونے کے بعد مندی کی لپیٹ میں آگئی،کے ایس ای100انڈیکس40ہزار پوائنٹس کی بلند سطح سے گھٹ کر 39900 پوائنٹس کی سطح پر واپس آگیا۔ مندی کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 3ارب روپے سے زائد ڈوب گئے۔ اسٹاک ماہرین کے مطابق مقامی سرمایہ کاروں نے منافع کی خاطر بعض اسٹاکٹس میں فروخت کو ترجیح دی جس کے سبب مارکیٹ میں مندی کے اثرات غالب رہے تاہم مستقبل کے سودوں میں تیزی کی وجہ سے بازار حصص میں ٹرن اوور کے باعث گزشتہ روز کی نسبت تقریبا4کروڑ شیئرز زائد کا کاروبار ریکارڈ ہوا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق 40ہزار پوائنٹس کی سطح پر مارکیٹ تکنیکی کریکشن کا شکار ہے اس لیے آئندہ چند دنوں کے دوران مارکیٹ سے اچھی کارکردگی کی توقع نہیں کی جا سکتی۔ منگل کوکاروبارکے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس میں 31.23پوائنٹس کی کمی ریکارڈکی گئی جس سے کے ایس ای 100 انڈیکس40023.02 پوائنٹس سے کم ہو کر 39991.79 پوائنٹس پر آگیا۔

اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس9.25 پوائنٹس کی کمی سے22811.47 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 26857.98 پوائنٹس سے گھٹ کر26847.31پوائنٹس پر بند ہوا۔ منگل کے روزمارکیٹ کے سرمائے میں 3 ارب 74 کروڑ 77 لاکھ 22 ہزار 394 روپے کی کمی ریکارڈکی گئی جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 80 کھرب 40 ارب48 کروڑ 14 لاکھ 23 ہزار 430 روپے سے کم ہو کر 80 کھرب 36 ارب 73 کروڑ 37 لاکھ1 ہزار 70 روپے رہ گیا۔ منگل کو مارکیٹ میں 42 کروڑ 43 لاکھ 5 ہزار حصص کے سودے ہوئے اورٹریڈنگ ویلیو 13 ارب روپے ریکارڈکی گئی جبکہ پیر کے روز 38 کروڑ 90 لاکھ 78 ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے اور ٹریڈنگ ویلیو 12 ارب روپے تک محدود رہی تھی۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کے روز مجموعی طور پر 441 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے192 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 231 میں کمی اور 18 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ کاروبار کے لحاظ سے کے الیکٹرک لمیٹڈ 6 کروڑ 98 لاکھ، بائیکو پیٹرولیم 3 کروڑ 25 لاکھ، دیوان سیمنٹ 3 کروڑ 22 لاکھ، دیوان سلمان3 کروڑ 2 لاکھ اور ٹی آرجی پاک لمیٹڈ1 کروڑ 68 لاکھ حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے۔ قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اعتبار سے مری بریورے کے بھاؤ میں 55.03 روپے اور سروس انڈسٹریز لمیٹڈکے بھاؤ میں 52.01 روپے کا اضافہ جبکہ فیروز سنز کے بھاؤ میں 49.82 روپے اور انڈس ڈائنگ کے بھاؤ میں 25.50 روپے کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔