امریکا نے مسلمانوں کیخلاف جنگ شروع کر رکھی ہے‘ جمعیت طلبہ عربیہ

230

لاہور (وقائع نگار خصوصی) جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان کے منتظم اعلیٰ عبید الرحمن عباسی نے کراچی میں پیش آنے والے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان اور دہشت گردی کے نام پر بے گناہ لوگوں کا قتل افسوسناک ہے، اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہوں کو قتل کرنے والے لوگ اللہ کے غضب کو دعوت دے رہے ہیں، پاکستان میں خواتین کی عصمت دری، مہنگائی، لوڈشیڈنگ، بچوں کا اغوا اور دہشت گردی ہونا یہ سب عام بات ہوگئی ہے۔ حکومت کو ان سب چیزوں پر کنٹرول کر لینا چاہیے اور عوام کو ریلیف ملنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا مسلمانوں پر دہشت گردی کی مہر لگا کر ان کا قتل عام کرا رہا ہے۔ امریکا نے مسلمانوں کے خلاف کھلی جنگ شروع کر رکھی ہے، امریکی جنگ سے صرف پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری کو ہی خطرہ نہیں بلکہ اس جنگ سے ہمارا نظام زندگی، نوجوانوں کا مستقبل اور اب تو ہماری خواتین کی عصمت، چادر اور چار دیواری کو بھی سنگین خطرات لاحق ہیں۔