فلسطینی قبرستان میں صہیونی شراب میلہ شعائر اسلام پرحملہ ہے‘ امام مسجد اقصیٰ

180

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں واقع تاریخی قبرستان ’ مأمن اللہ‘ میں اسرائیلی بلدیہ کی طرف سے شراب میلے کے انعقاد پر فلسطینی مذہبی رہ نماؤں اور سماجی حلقوں کی طرف سے شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔ ممتاز فلسطینی عالم دین، مسجد اقصیٰ کے امام وخطیب اور فلسطین سپریم اسلامک کونسل کے چیئرمین شیخ عکرمہ صبری نے مأمن اللہ قبرستان پر اسرائیلی شراب میلے کے انعقاد کو اسلامی شعائر پر غاصب صہیونیوں کا براہ راست حملہ قرار دیا ہے۔ کیو پریس سے بات کرتے ہوئے شیخ عکرمہ صبری نے کہا کہ مامن اللہ قبرستان صرف فلسطین ہی نہیں بلکہ اسلامی دنیا کا تاریخی قبرستان ہے جس میں کئی جلیل القدر صحابہ کرام، تابعین اور آئمہ مجتہدین آسودہ خاک ہیں۔

اس قبرستان کی اراضی اور قبروں پر شراب میلہ منعقد کرنا مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مشتعل کرنا اور اسلامی شعائر کی توہین کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی آسمانی مذہب اور دنیاوی قانون کسی طبقے کے قبرستان میں شراب نوشی جیسی مکروہ حرکت کے ارتکاب کی اجازت نہیں دیتا۔ صہیونی حکام کی طرف سے القدس میں مامن اللہ قبرستان میں شراب میلے کا انعقاد کا فیصلہ کرکے مسلمانوں کے جذبات کو آزمانے کی سازش کی ہے۔ فلسطین کے سرکردہ سماجی رہ نما اور نصرت القدس و اقصیٰ کمیٹی کے چیئرمین شیخ محمد عارف نے بھی مامن اللہ قبرستان میں شراب میلے اور محافل رقص وسرود کے انعقاد کے اسرائیلی فیصلے کی شدید مذمت کی اور اسے اسلام کی کھلم کھلا توہین قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل ہمیشہ سے مذہبی اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کر کے فلسطینی قوم اور پوری مسلم امہ کے جذبات کو مشتعل کرنے کی سازش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صہیونیوں سے کسی خیر توقع نہیں کی جا سکتی۔ جو لوگ فلسطین میں مسلمانوں کی مساجد میں بم دھماکوں اور مسجدوں میں آگ لگانے سے نہیں چوکتے وہ قبرستانوں کی حرمت اور تقدس کا کیسے خیال کریں گے۔

خیال رہے کہ فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر میں صہیونی بلدیہ نے مسلمانوں کے تاریخی قبرستان ’مأمن اللہ‘ میں آج 31 اگست اور کل یکم ستمبر کو 2 روزہ شراب میلے کے انعقاد کے اشتعال انگیز اقدام کا اعلان کیا ہے۔ مسجد اقصیٰ اور بیت المقدس میں صہیونی سرگرمیوں پر نظر رکھنے والے ابلاغی مرکز کیو پریس نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ اسرائیلی بلدیہ نے اپنی ویب سائٹ پر پوسٹ ایک بیان میں کہا ہے کہ ’مامن اللہ‘ قبرستان پر بدھ اور جمعرات کے روز عالمی شراب میلے کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں دیسی ساختہ شراب کے علاوہ دنیا بھر میں مشہور شراب کی 120 اقسام کی نمائش کی جائے گی۔ شراب میلے کے دوران شراب نوشی کے مقابلوں کے ساتھ رقص اور موسیقی کی محفلیں بھی منعقد کی جائیں گی جن میں مقامی اور عالمی شہرت یافتہ اداکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔