مختلف طبقات کاحافظ نعیم الرحمن کے مؤقف کا خیر مقدم

131
کراچی ( اسٹا ف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی جانب سے کراچی کے موجودہ حالات اور جماعت اسلامی کے آئندہ کے لائحہ عمل کے اعلان اور مؤقف کا کراچی میں مختلف طبقات اور شعبہ زندگی سے وابستہ افراد بالخصوص تاجروں ،صنعتکاروں ،وکلا ،علمائے کرام ،مزدور رہنماؤں اور مختلف جماعتوں کے سیاسی ورکروں نے بھر پور خیر مقدم کیا ہے اور اسے کراچی کے روشن مستقبل کی ضمانت اور وقت کی ضرورت قرار دیا ہے۔

آل پاکستان اسمال ٹریڈرز آرگنائزیشن کے صدر محمود حامد ،اقلیتی برادری کے رہنماء ،یونس
سوہن ایڈووکیٹ ،بزنس کمیونٹی دہلی برادری کے خلیفہ انوار ،وکلاء برادری سے تعلق رکھنے والے اقبال عقیل ایڈووکیٹ ،پاکستان انجینئرزفورم کے عزیز الدین ظفر ،مزدور رہنماء خلاد خان ،جید علماء کرام مولانا ضمیر اختر منصوری ،مولانا عبد الوحید ،مفتی مصباح اور دیگر نے کہا ہے کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ کراچی میں گزشتہ 30سالوں میں ہو نے والی سیاست نے تباہی اور بربادی کے سوا کچھ نہیں دیاکراچی کا اصل چہرہ مسخ کر دیا گیا اور بالخصوص اردو بولنے والوں کو بند گلی میں دھکیل دیا اب وقت آگیا ہے کہ بند گلی کی سیاست ترک کی جائے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جانب سے ایم کیو ایم کے بے گناہ کارکنوں کو جماعت اسلامی میں شمولیت کی دعوت دینا بھی خوش آئند ہے اور جماعت اسلامی کی اہل اور دیانت دار قیادت ہی کراچی کے عوام کے مسائل حل کر سکتی ہے اور مظلوم شہریوں کا مقدمہ لڑ سکتی ہے موجود ہ حالات میں بند گلی کی سیاست کو خیر باد کہنے والوں کے لیے جماعت اسلامی ہی فطری انتخاب ہے ۔