ملک میں لوڈشیڈنگ تاریخ کا حصہ بن جائے گی، وزیراعظم

146
اسلام آباد(خبر ایجنسیاں) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں لوڈ شیڈنگ تاریخ کا حصہ بن جائے گی ، بجلی کے جاری منصوبوں کی تکمیل سے نیشنل گرڈ میں وافر مقدار میں بجلی شامل کی جائے گی، منصوبوں کی نگرانی میں خود کررہا ہوں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو وزیراعظم ہاؤس میں کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پانی و بجلی کے وفاقی سیکرٹری یونس ڈھاگا نے ملک میں بجلی کے جاری منصوبوں کی مدت تکمیل کے بارے میں بریفنگ دی۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ بجلی کے جاری منصوبوں کو مارچ 2018ء تک مکمل کر لیا جائے گا۔ وزیراعظم ہاؤس سے جاری کیے گئے ایک بیان میں بتایا گیا کہ مقررہ مدت میں تھری ایل این جی پاور پلانٹ (بھیکھی)، حویلی بہادر، بلوکی 3600 میگاواٹ، چشمہ تھری و فور نیوکلیئر (340) میگاواٹ فی منصوبہ، گدو گیس 400 میگاواٹ پلس، نندی پور گیس 100 میگاواٹ پلس، ساہیوال کول (1320) میگاواٹ، متعدد ونڈ بگاس (350) میگاواٹ، پترنڈ ایچ بی پی ہائیڈل (147) میگاواٹ، فیصل آباد گیس (250) میگاواٹ، نیلم جہلم (969) میگاواٹ اور تربیلا توسیع چار (1410) میگاواٹ اور پورٹ قاسم پاور پلانٹ (1320) میگاواٹ ان منصوبوں میں شامل ہیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ مارچ 2018ء تک مجموعی طور پر 11 ہزار 131 میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کی جائے گی۔ اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ تمام جاری منصوبوں کے مطابق ٹرانسمیشن لائن کے منصوبے آن ٹریک ہیں، ان منصوبوں پر بھاری سرمایہ کاری کی گئی ہے، اضافی بجلی کی فراہمی سے ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک بہتر انداز میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کے لیے بجلی کی تقسیم پر عمل درآمد کر سکے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں پہلے کبھی توانائی کے شعبے میں اس قدر بھاری سرمایہ کاری نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صرف توانائی کی قلت کو پورا کرنے پر ہی توجہ نہیں دے رہی بلکہ مستقبل میں بجلی کی طلب کو پورا کرنے کے حوالے سے اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کی پیداوار میں اضافے سے اقتصادی ترقی، روزگار کے مواقع کی فراہمی، صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے مواقع کو بھی فروغ حاصل ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں تمام جاری بجلی کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے وہ خود نگرانی کریں گے اور موقع پر جا کر ان منصوبوں کا معائنہ بھی کریں گے۔ اجلاس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی، وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔