ٹریفک حادثات میں بچی اورخاتون سمیت 3جاں بحق

101
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ٹریفک حادثات میں5سالہ بچی اورایک خاتون سمیت 3افراد جاں بحق ہوگئے،جبکہ فائرنگ کے واقعے میں3 افراد زخمی ہوئے ۔تفصیلات کے مطابق منگل کی صبح نیشنل ہائی وے پرمنزل پمپ کے قریب 5سالہ نادیہ دختر وسیم تیز رفتارٹرک کی زد میں آکر جاں بحق ہو گئی، نادیہ اپنے والد کے ہمراہ سڑک عبور کررہی تھی ۔ مواچھ گوٹھ میں فٹبال اسٹیڈیم کے قریب نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر 25سالہ سلیم ولد عبدالرزاق جاں بحق ہو گیا ،متوفی مواچھ گوٹھ ہی کارہائشی تھا اور کام پر جانے کے لیے گھر سے نکلا تھا۔

کورنگی میں چمڑاچورنگی کے قریب تیز رفتاکوچ کی زد میں40سالہ مریم زوجہ کلیم جاں بحق ہو گئی۔پولیس نے حادثے کے ذمے دار ڈرائیور اشفاق کو گرفتار کرکے کوچ قبضے میں لے لی۔ متوفیہ کورنگی کی بلال کالونی کی رہائشی تھی ۔دارالعلوم کورنگی کے قریب واقع برمی کالونی میں مسلح افراد نے لوٹ مار کی کوشش کے دوران لوگوں کے جمع ہونے اورپولیس موبائل کے آنے پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے باعث 3افراد سلمان احمد ، عبدالوہاب اور شہاب الدین زخمی ہو گئے، مسلح ملزمان فائرنگ کرتے ہو ئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ زخمی ہونے والے افراد کو اسپتال روانہ کردیاگیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔