اسلام آباد (جسارت نیوز) پاکستان ا سکواش فیڈریشن کے نائب صدر سابق اسکواش لیجنڈ قمر الزمان نے کہا ہے کہ ورلڈ ا سکواش فیڈریشن کے چیف ایگزیکٹو اینڈرو شیلے نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان میں زیادہ سے زیادہ پی ایس اے کے ایونٹس دیں گے‘ مصر اور ملائیشیا کے آفیشلز نے پاکستان کے ساتھ دو طرفہ ٹیسٹ سیریز کھیلنے پر رضا مندی ظاہر کی ہے ‘ پاکستان کے پاس ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو بین الاقوامی سطح پر کسی بھی غیر ملکی کھلاڑی کو شکست سے دو چار کرسکتے ہیں تاہم انہیں پالش کرنے کی ضرورت ہے۔ گزشتہ روز سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے قمرالزمان نے کہا کہ ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ جو کہ پولینڈ میں کھیلی گئی جس کا ٹائٹل پاکستان نے حاصل کیا ہے وہاں پر ورلڈ ا سکواش فیڈریشن کے چیف ایگزیکٹو اینڈرو شیلے سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران انہیں پاکستان میں اسکواش کے مقابلوں کے حوالے سے آگاہ کیا اور انہیں بتایا کہ پاکستان کھیلوں کیلئے ساز گار ملک ہے۔ قمر الزمان نے کہا کہ چیف ایگزیکٹو نے پاکستان کو 50 ہزار ڈالر پی ایس اے سمیت دیگر بین الاقوامی مقابلوں کی یقین دہانی کرائی۔ پاکستان کو 50 ہزار ڈالر ایونٹ کی میزبانی آئندہ سال دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولینڈ میں آسٹریلین چیف کوچ‘ ملائیشیا اور مصر کے حکام سے بھی ملاقاتیں کیں، انہوں نے بھی پاکستان میں بین الاقوامی اسکواش مقابلوں کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ مصر اور ملائیشیا کے آفیشلز نے قمر الزمان کو باورکرایا ہے کہ دونوں ممالک پاکستان کے ساتھ دوطرفہ ٹیسٹ سیریز کھیلیں گے پہلے وہ پاکستان کے دورہ پر آئیں گے اور پاکستان کے ساتھ ٹیسٹ سیریز کھیلیں گے اس کے بعد پاکستان دونوں ممالک کے دوروں پر جاکر ان کے ساتھ ٹیسٹ اسکواش سیریز کھیلیں گے۔ نائب صدر نے کہا کہ پاکستان ا سکواش فیڈریشن کے صدر ایئر چیف سہیل امان کے بے حد مشکور ہیں اور ان کی پاکستان ا سکواش کیلئے گرانقدر خدمات ہیں وہ ہر لحاذ سے ناصرف فیڈریشن بلکہ کھلاڑیوں کی بھی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس 8 سے 9کھلاڑی ایسے ہیں جو کسی بھی غیر ملکی کھلاڑیوں کو ہرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں تاہم انہیں مزید پالش کرنے کی ضرورت ہے اور اگر وہ ایمانداری کے ساتھ کھیلیں تو وہ پاکستان کا مورال بین الاقوامی سطح پر بلند کرسکتے ہیں۔