پاکستان کے لیے بحرین کاتعاون قابل تعریف ہے،ڈاکٹرعشرت العباد

132
کراچی ( اسٹا ف رپورٹر ) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبا د خان نے کہا ہے کہ صوبے میں بنیادی سہولیات کے ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے بحرین کی جانب سے فراہم کیا جانے والا تعاون قابل تعریف ہے خصوصاً قدرتی آفات کے موقع پر بھی بحرین نے امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر تعاون کیا ۔ ان خیالات کا اظہار گورنر سندھ نے انڈس یونیورسٹی کی جانب سے منعقدہ خصوصی کانووکیشن میں بحرین کے قونصل جنرل ابراہیم احمد عیسیٰ الحجازی کو ڈاکٹر آف فلاسفی کی اعزازی ڈگری دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر گورنر سندھ کے مشیر برائے اعلیٰ تعلیم سید وجاہت علی ، سیکرٹری گورنر سندھ محمد اختر غوری اور مختلف ممالک کے قونصل جنرلز بھی موجود تھے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ 2010 ء اور 2011 ء کے سیلاب میں بحرین کی جانب سے امدادی سامان کی بروقت فراہمی سے سیلاب زدگان کی بحالی میں بہت زیادہ مدد ملی ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کو سہولیات کی فراہمی ، معاشی ، ثقافتی اور سماجی سرگرمیوں کے فروغ کے ضمن میں بحرین کے قونصل جنرل کی خدمات نہایت قابل تعریف ہیں۔اس موقع پر اپنے خطاب میں بحرین کے قونصل جنرل نے اعزازی ڈگری عطا کیے جانے پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور انڈس یونیورسٹی کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاک بحرین تعلقات کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے