آسٹریلوی بلے باز شان مارش سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریزسے باہر

174

دمبولا(جسارت نیوز) آسٹریلوی ٹیم کے بلے باز شان مارش فٹنس مسائل کے باعث سری لنکا کے خلاف رواں ون ڈے سیریز کے بقیہ میچز اور ٹی ٹوئنٹی سیریز سے باہر ہو گئے۔ مارش آئی لینڈرز کے خلاف کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میں فیلڈنگ کرتے ہوئے انگلی کی انجری کا شکار ہوئے تھے، مارش کے زخمی ہونے کی وجہ سے ٹیسٹ بلے باز عثمان خواجہ آخری 2 ون ڈے میچز اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے سری لنکا میں ہی اسکواڈ کے ساتھ رہیں گے۔ اس بات کا امکان ہے کہ خواجہ سری لنکا کے خلاف چوتھے ون ڈے میں تیسرے نمبر پر بیٹنگ کریں۔ آسٹریلوی فزیو ڈیوڈ بیکلے نے کہا ہے کہ ایکسرے رپورٹ کے مطابق ان کی انگلی میں فریکچر ہے اور انہیں علاج کے لیے واپس وطن جانا پڑے گا اس لیے وہ سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کے آخری2 میچز اور ٹی ٹوئنٹی کے لیے ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔