جنوبی افریقا نے نیوزی لینڈ کو 204رنز سے ہرادیا

208

سینچورین (جسارت نیوز) ڈیل ا سٹین کی تباہ کن بولنگ کی بدولت جنوبی افریقا نے نیوزی لینڈ کو دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 204 رنز سے ہرا کر 2میچوں کی سیریز 1-0 سے جیت لی، میچ کے چوتھے روز جنوبی افریقانے 132 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی دوسری اننگز ڈکلیئر کر کے نیوزی لینڈ کو مجموعی طور پر فتح کے لیے 400 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں کیویز ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 195 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، ہنری نیکولز کے سوا نیوزی لینڈ کا کوئی بھی بلے باز ا سٹین گن کی برق رفتار اور گھومتی ہوئی گیندوں کا سامنا نہ کر سکا، 6 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، 7 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد ہنری نیکولز نے ڈٹ کر پروٹیز بولرز کا مقابلہ کیا تاہم ان کی 76 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، اسٹین نے 5کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، فلینڈر اور ربادا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ کوئنٹن ڈی کوک کو عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔سینچورین میں دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے چوتھے روز جنوبی افریقن ٹیم نے 105 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو باووما 25 اور فلینڈر 3 رنز پر کھیل رہے تھے، 129 کے مجموعی اسکور پر فلینڈر 14 رنز بنا کر ساؤتھی کی گیند کا نشانہ بنے، اس کے بعد 132 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر کپتان نے اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کر دیا، باووما 40 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، اسطرح پروٹیز نے نیوزی لینڈ کو فتح کے لیے مجموعی طور پر 400 رنز کا ہدف دیا، ٹم ساؤتھی نے 3 ٹرینٹ بولٹ نے 2، ڈگ بریسویل اور نیل واگنر نے ایک، ایک وکٹ حاصل ہے۔ جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 195 رنز پر ڈھیر ہو گئی، ہنری نیکولز کے سوا کیویز کا کوئی بھی بلے باز پروٹیز بولرز کا جم کر مقابلہ نہ کر سکا، ہنری نیکولز 76 رنز بنا کر نمایاں رہے، ٹام لیتھم، مارٹن گپٹل، روز ٹیلر صفر، کپتان کین ولیمسن 5، واٹلنگ 32 ، مچل سینٹنر 16، ڈگ بریسویل 30 ، ٹم ساؤتھی 14 اور نیل واگنر 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اسٹین نے 5 جبکہ فلینڈر اور ربادا نے 2، 2 اور پائیڈت نے ایک وکٹ حاصل کی۔