حیدرآباد، منتخب بلدیاتی نمائندوں نے حلف اٹھا لیا

219
حیدرآباد(نمائندہ جسارت) میونسپل کارپوریشن حیدرآباد کے میئر و ڈپٹی میئر سمیت چیئرمین و وائس چیئرمینوں نے حلف اٹھالیا ،حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے نومنتخب میئرطیب حسین اورڈپٹی میئر سہیل مشہدی نے حلف برداری مہران آرٹس کونسل حیدرآباد میں منعقدہ تقریب میں حلف اٹھایا۔ آر او قمر شیخ نے نومنتخب میئر و ڈپٹی میئر سے حلف لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حیدرآباد معتصم عباسی ، ڈی آر او اعجاز چوہان ،ایم کیو ایم کے آرگنائزر راج راجپوت پاکستان واپڈا سینٹرل ہائیڈرو لیبر یونین سی بی اے کے صدر عبداللطیف نظامانی ، ایوانِ تجارت و صنعت کے عہدے داران ، تاجر برادری کے رہنما اور دیگر شخصیات کے علاوہ ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی وسیم حسین ، اراکین سندھ اسمبلی صابر قائم خانی ، راشد خلجی اور دیگر بھی موجود تھے۔

نومنتخب میئر طیب حسین نے خطاب کرتے ہو ئے کہاکہ وہ ایم کیو ایم کی طرف سے میئر منتخب ہو ئے ہیں لیکن وہ اب پورے شہر کے میئر ہیں اور ہم سب کو ساتھ لیکر چلیں گے۔ انہوں نے کہاکہ شہر کی ترقی کے لیے مجھے حکومت سے فنڈز تو کیا بھیک بھی لینا پڑی تو مانگ لوں گا اس دوران انہوں نے اپنے حریف پی پی کے رہنما پاشا قاضی کو اسٹیج پر بلاکر اپنے ساتھ کھڑا کرلیا انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سمیت تمام متعلقہ ادارے شہریوں کی بھلائی کے لیے تعاون کریں گے علاوہ ازیں۔ حیدرآباد میں نومنتخب چیئرمین و وائس چیئر مینوں کے حلف اٹھانے کے بعد بلدیہ کا انتخابی عمل مکمل ہو گیا ،حیدرآباد ضلع کونسل کے چیئر مین حاجی بدر الدین میمن اور وائس چیئر مین بلال لغاری کی تقریب حلف برداری ڈسٹرکٹ کونسل حیدرآباد میں منعقد ہو ئی ریٹرننگ آفیسر شکیل ابڑو نے ان سے حلف لیا تقریب میں پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی سید امجد شاہ جیلانی و دیگر معززین بھی موجود تھے میونسپل کمیٹی قاسم آباد کے چیئر مین و وائس چیئر مین کاشف شورو اور اقبال سومرو کی تقریب حلف برداری ممتاز مرزا آڈیٹوریم میں منعقد ہو ئی ان سے آر او غلام مرتضیٰ میمن نے حلف لیا میونسپل کمیٹی ٹنڈو جام اور ٹاؤن کمیٹی ہوسٹری کے نومنتخب چیئر مین و وائس چیئر مین سے آر او عنایت علی شاہ نے اپنے دفتر وحدت کالونی میں حلف لیا ٹنڈو جام کے چیئرمین میر خان محمد تالپور وائس چیئرمین لیاقت کلیری ، ٹاؤن کمیٹی ہوسٹری کے چیئرمین غلام مرتضیٰ شورو اور وائس چیئر مین غلام محمد سرائی نے حلف اٹھایا ،مہران آرٹس کونسل میں جئے متحدہ،ایوان کے چاروں طرف حق پرست جبکہ ضلع کونسل میں جئے بھٹو،جئے پی پی، جئے پاکستان کے نعرے لگائے گئے۔