دہشت گردی کے خاتمے کیلیے وزیرستان آپریشن کافی نہیں‘میاں افتخار

206

نوشہرہ ر( صبا ح نیوز)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے وزیرستان آپریشن کافی نہیں بلکہ ملک بھر اور خصوصاً پنجاب میں 70سے زائد کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشن شروع کرکے اور 20 نکاتی ایجنڈے پر مکمل عمل درآمد یقینی بناکر دہشت گردی کا خاتمہ ممکن ہوسکتا ہے۔ فاٹا کو جلد ازجلد صوبہ خیبرپختونخوا میں ضم کیاجائے اور وہاں پر عوامی نظام رائج کیاجائے سی پیک منصوبے پر صوبائی حکومت نے دعویٰ کیاتھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیاجائے گا لیکن صوبائی حکومت
نے اس کے برعکس سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیے بغیر سی پیک منصوبے کی حمایت کی جبکہ ہم اس منصوبے سے مطمئن ہیں جو معاہدے ہمارے صوبے کے ساتھ ہوئے ہیں اس معاہدوں کی پاسداری کی جائے۔ ان خیالات کااظہارمیاں افتخار حسین نے نوشہرہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ افغان مہاجرین کے ساتھ نا روا سلوک کیاجارہا ہے ان کو باعزت طریقے سے افغانستان بجھوایا جائے تاکہ پاکستان اور افغانستان کے مابین بہتر تعلقات قائم ہوسکے پاکستان اور افغانستان دہشتگردوں کے خلاف مشترکہ کارروائی کریں ایک دوسرے پر الزامات سے گریز کریں۔