لیبیا کے کیمیائی ہتھیاروں کی آخری کھیپ جرمنی روانہ

181

طرابلس (انٹرنیشنل ڈیسک) لیبیا نے کیمیائی ہتھیاروں کے آخری ذخائر بھی ڈنمارک کے ایک بحری جہاز کے ذریعے جرمنی روانہ کردیے ہیں جہاں انہیں تلف کردیا جائے گا۔ لیبیا کے ایک اعلیٰ سیکورٹی عہدے دار نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا کہ کیمیائی ہتھیاروں کو اقوام متحدہ کی نگرانی میں ہفتے کے روز جرمنی کے لیے روانہ کیا گیا تھا۔ قومی اتحاد کی حکومت کے نائب وزیراعظم موسیٰ القونی نے ایک بیان میں اس کارروائی کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ لیبیا کے تمام کیمیائی ہتھیاروں کو بحری جہاز کے ذریعے بیرون ملک بھیج دیا گیا ہے۔ ڈینش حکومت نے اسی ماہ کے اوائل میں ایک کنٹینر والا بحری جہاز اور 200 افراد پر مشتمل عملہ اس آپریشن کےلیے بھیجنے کی پیشکش کی تھی۔

یہ تمام کارروائی اقوام متحدہ کی ماتحت تنظیم برائے امتناع کیمیائی ہتھیار (او پی سی ڈبلیو) کے ساتھ رابطے کے ذریعے انجام پائی۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے 22 جولائی کو لیبیا کے کیمیائی ہتھیاروں کو بیرون ملک منتقل کرنے اور ٹھکانے لگانے کی منظوری دی تھی، تا کہ انہیں داعش کے ہاتھ لگنے سے بچا جاسکے۔ لیبیا کے سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ کیمیائی مواد کے 23 ٹینک اس آپریشن کے تحت بحری جہاز کے ذریعے بیرون ملک بھیجے گئے ہیں۔یہ ہتھیار سرت سے 200 کلومیٹر جنوب میں واقع وسطی علاقے جافا میں ذخیرہ کیے گئے تھے۔

سرت اور اس کے نواحی علاقوں میں داعش اور لیبیا کی فوج کے درمیان لڑائی جاری ہے۔ واضح رہے کہ لیبیا نے کیمیائی ہتھیاروں کی تلفی سے متعلق کنونشن پر 2004ء میں دستخط کیے تھے۔اس وقت اس نے اپنے پاس 24.7 ٹن مسٹرڈ گیس، 1390 ٹن کیمیکلز اور کیمیائی ہتھیاروں پر مبنی ساڑھے 3 ہزار سے زیادہ فضائی بم موجود ہونے کا اعلان کیا تھا۔ او پی سی ڈبلیو کے مطابق لیبیا نے 2011ء میں تمام فضائی بم، 51 فیصد مسٹرڈ گیس اور 40 فیصد کیمیکلز کو تباہ کردیا تھا۔ اسی سال سابق مطلق العنان صدر معمر قذافی کے خلاف مسلح بغاوت برپا ہوگئی تھی اور ہتھیاروں کی تلفی کا عمل رک گیا تھا۔ اس کے بعد باقی ماندہ کیمیائی ہتھیاروں کو گزشتہ 2 برس کے دوران تلف کیا گیا ہے۔