پاکستان اسٹیل : 138 ریٹائرڈ ملازمین گریجویٹی کی رقم کے انتظار میں دنیا سے رخصت

179
کراچی(اسٹاف رپورٹر)حکومت کی بے حسی اور اسٹیل ملز ملازمین کی بے بسی ، موجودہ ملازمین کی تنخواہیں تو دور کی بات ادارے کے 138 ریٹائرڈ ملازمین گریجویٹی کی رقم کے انتظار میں دنیا سے ہی چلے گئے۔ بد ترین مالی مشکلات کے باعث پاکستان اسٹیل ملز 09۔2008 ء سے پراویڈینٹ فنڈ ٹرسٹ اور گریجویٹی ٹرسٹ کو اپنے حصے کی رقم جمع نہیں کراسکی ہے اور واجبات 40 ارب روپے تک پہنچ چکے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کو گریجویٹی اور پراویڈینٹ فنڈ کی مد میں ساڑھے 4 ارب روپے کی ادائیگیاں کرنی ہیں۔ دوسری جانب گزشتہ عیدوں کی طرح اس عید قرباں پر بھی ملازمین منتظر ہیں کہ سرکار ان کی تنخواہیں ریلیز کرے جو گزشتہ 5 ماہ سے پھنسی ہوئی ہیں۔ ماضی میں بدعنوانیوں کے باعث فولاد بنانے والے اس ادارے کی حالت اتنی پتلی ہوگئی ہے کہ مل کی بھٹیاں تک ٹھنڈی پڑ گئیں اور اربوں روپے کا منافع دکھانے والا ادارہ قرض کی دلدل میں دھنستا چلا گیا۔