الطاف حسین کے خلاف اب تک کارروائی کیوں نہیں کی گئی؟

134

لندن (آن لائن+صباح نیوز) قائد ایم کیو ایم الطاف حسین کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی گئی ؟لیبر پارٹی رہنما اور رکن پارلیمنٹ یاسمین قریشی نے برطانوی ہوم سیکرٹری اور اسکاٹ لینڈ یارڈ چیف کو خط لکھ کر جواب مانگ لیا۔ یاسمین قریسی نے اپنے خط میں کہا کہ الطاف حسین نے اپنی تقاریر میں ڈی جی رینجرز کو دھمکیاں دیں اور ساتھ ہی اشتعال انگیز تقریر کی،الطاف حسین نے اپنے کارکنان کو تشدد پر اکسایا ،الطافحسین کی تقریر برطانوی قوانین کی خلاف ورزی ہے برطانوی پولیس نے اب تک الطاف حسین کے خلاف تحقیقات کیوں نہیں کیں؟ اور پولیس کارروائی کیوں نہیں کررہی؟۔ علاوہ ازیں لارڈ نذیر احمد نے بھی متحدہ بانی کے خلاف کارروائی کے لیے برطانوی وزیر داخلہ کو خط لکھ دیا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ کی جانب سے متحدہ کے جرائم کو نظرانداز کرنے سے سوالات جنم لے رہے ہیں۔ ایسا ظاہر ہوتا ہے برطانیہ پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی حمایت کر رہا ہے۔ لارڈ نذیر کا کہنا ہے متحدہ بانی کے گھر سے خطرناک ہتھیاروں اور بم بنانے کے اجزا کی فہرست برآمد ہوئی تھیں اگر ایسی فہرست کسی اور کے ہاں سے ملتی تو وہ جیل میں ہوتا۔ لارڈ نذیر احمد نے وزیر داخلہ چودھری نثار کو بھی خط لکھا ہے جس میں کہا ہے برطانوی حکومت کو متحدہ کے خلاف کارروائی کے لیے ثبوتوں کی ضرورت ہے،حکومت پاکستان 22 اگست کے واقعے کے حوالے سے وڈیو ثبوت فراہم کرے۔