حکومت بنگلادیش میں پھانسیوں کیخلاف ہر فورم پرآواز بلند کرے‘ حافظ سعید

124

نمائندہ جسارت) امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی جاری تحریک آزادی کو منطقی انجام تک پہنچانا پاکستان کی ذمے داری ہے۔کشمیری70 سال سے اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔امریکا بھارت معاہدے پاکستان کا گھیرا تنگ کرنے کی سازش ہے۔ امریکا کو کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی مظالم کیوں نظر نہیں آتے؟بھارت پروپیگنڈے کے ذریعے تحریک آزادی کو کمزور کرنا چاہتا ہے۔بنگلا دیش میں پاکستان سے محبت کے جرم میں پھانسی کی سزائیں سنائی جا رہی ہیں۔جماعت اسلامی کے رہنما میر قاسم کی سزائے موت کے خلاف اپیل عدالت عظمیٰ نے مسترد کر دی ہے۔ حکومت پاکستان او آئی سی اور سلامتی کونسل سمیت ہر فورم پرآواز بلند کرے ، ہمیں اپنے ان محسنوں کی قدر کرنی چاہیے، بھارتی شہ پر پاکستان سے محبت کرنے والوں کو پھانسیاں دی جا رہی ہیں۔ وہ بدھ کو مرکز القادسیہ چوبرجی میں مرکزی ذمے داران اور کارکنان کے وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے ۔حافظ محمد سعید نے کہا کہ کشمیر کی آزادی پاکستان کی بقا اور سلامتی کے لیے ناگزیر ہے۔حافظ سعید نے کہا کہ پاکستان سے محبت کرنے والوں کو بنگلا دیش میں پھانسیاں دی گئیں اور اب جماعت اسلامی کے ایک اور رہنما میر قاسم کی سزائے موت کے خلاف اپیل عدالت عظمیٰ نے مستردکر دی ہے۔ بنگلا دیش کی موجودہ حکومت اس بات سے سخت خوفزدہ ہے کہ لوگ ایک بار پھر نظریہ پاکستان کی بنیادوں پر متحد و بیدار ہو رہے ہیں اور ان کے دلوں میں بھارت کے خلاف شدید نفرت پیدا ہو رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بنگلادیشی حکومت بھار ت سرکار کے اشاروں پر یہ گھناؤنا کھیل کھیل رہی ہے۔حکومت پاکستان کو اس حوالہ سے آواز اٹھانی چاہیے۔