ستمبرکا پورا مہینہ ختم نبوت کے طورپر منایا جائے گا

137

لاہور (نمائندہ جسارت) عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنماؤں مولانا عزیزالرحمن ثانی،مولانا قاری علیم الدین شاکر،مولانا سید ضیا الحسن شاہ،مولانا قاری نذیر احمد،مولانا عبدالشکور حقانی،مولانا عبدالنعیم،مولانا قاری ظہورالحق،مولانا خالدمحمود، اور مولانا خالدعابد نے کہا کہ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت آج سے یوم ختم نبوت کے سلسلے میں ملک بھر میں مختلف مقامات پر کانفرنسز، سیمینارز اور پروگرامز کا انعقاد شروع کرے گی۔ مرکزی رہنماؤں نے پہلے سے ہی اس بات کا اعلان کر رکھا ہے کہ ستمبرکا پورا مہینہ ختم نبوت کے طورپر منایا جائے گا ۔علما کرام نے کہا کہ ماہ ستمبر کی مختلف کانفرنسز ملک میں نفاذ اسلام ، عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ، قومی اتحاد و یک جہتی کے فروغ، فرقہ واریت کی حوصلہ شکنی اور کفار کی عالمی سازشوں کو بے نقاب کرنے کے ساتھ ساتھ قادیانیوں کی غیرآئینی ریشہ دوانیوں کے خاتمے کیلیے سنگ میل ثابت ہونگی، انہوں نے کہا کہ اگر مسلمانوں نے آقائے دوعالمؐ کی عزت و ناموس اور ختم نبوت کی حفاظت میں کوتاہی کی تو پھر ہماری وقعت خارش زدہ جانور سے بھی کم ہوجائے گی اور پھر ذلت و رسوائی اور غلامی و محکومی ہمارا مقدر بن جائے گی۔علما کرام نے کہا کہ ایک سازش کے تحت پاکستان میں قادیانیوں اوملک دشمن قوتوں کی تبلیغی سرگرمیوں کو فروغ دیا جارہا ہے جس کا مقصد اسلام کی تعلیمات اور اس کی عظمت رفتہ کو مسخ کرنے کی ناپاک کوشش ہے مگر ان شاء اللہ جانثاران ختم نبوت ان کی ان سازشوں کو ناکام بنانے کیلیے میدان عمل میں آگئے ہیں، انہوں نے کہا کہ فتنہ قادیانیت بھی پاکستان کے موجودہ حالات میں مزید ابتری کا باعث بن رہا ہے اس پر صرف مذہبی جماعتوں کو ہی نہیں بلکہ سیاسی جماعتوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔