کراچی(اسٹا ف رپورٹر)وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے سیکرٹری بلدیات کو خصوصی طور پر ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ بلدیات کی تمام گاڑیوں کا مکمل ریکارڈمرتب کیا جائے۔ سابق وزرا ، سیکرٹریز اور افسران 3 روز کے اندر اندر محکمہ بلدیات کی گاڑیاں محکمے کو واپس کردیں اورجن جن افسران کے پاس ایک سے زائد گاڑیاں ہیں وہ بھی زائد گاڑیاں واپس کردیں۔3 روز کے بعد مرتب شدہ فہرست ایف آئی آر کے اندراج کے لیے بھیج دی جائے گی۔بدھ کو اپنے دفتر میں سیکرٹری بلدیات سندھ بقا اللہ انڑ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات جام خان شور و نے کہا ہے کہ محکمہ بلدیات کے زیر انتظام تمام اداروں کی گاڑیوں کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جائے اور جو گاڑیاں سابق وزرا ، سیکرٹریز اور افسران کے پاس موجود ہیں ان کو 3روزکے اندر اندر ان سے واپس لیا جائے۔ انہوں نے کہا ہے کہ گاڑیوں کے حوالے سے اب کوئی کرپشن نہیں ہونے دی
جائے گی اور اب جو بھی محکمہ بلدیات کی گاڑیاں واپس نہیں کرے گا، اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ان گاڑیوں کی وصولی کے لیے ایف آئی آر کا بھی اندراج کرایا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے سیکرٹری بلدیات کو اس حوالے سے فوری طورپر تمام متعلقہ اداروں کو خط لکھنے اور جن جن وزرا ، سیکرٹریز اور افسران کے پاس گاڑیاں موجود ہیں، ان سے واپس لینے کے لیے اقدامات کی بھی ہدایات دی ہیں۔