شام:امریکی فضائی حملے میں داعش کا ترجمان ہلاک

144

دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) دہشت گرد تنظیم داعش کے ترجمان ابو محمد العدنانی کو شام کے شمالی شہر حلب میں ایک کارروائی کے دوران ہلاک کر دیا گیا ہے۔ داعش کی آن لائن نیوز ایجنسی ’اعماق‘ نے ابو محمد العدنانی کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے اور بتایا گیا ہے کہ العدنانی کو حلب میں ایک فوجی کارروائی کے دوران ہلاک کیا گیا۔ داعش کی جانب سے جاری کردہ بیان میں العدنانی کے قتل کا بدلہ لینے کی دھمکی دی گئی ہے۔ ’اعماق‘ کی طرف سے داعش کے ترجمان کی ہلاکت کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں تاہم بعض ذرائع بتاتے ہیں کہ العدنانی کو منگل کے روز قدیران چوک میں ایک کار میں فضائی حملے سے اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ ایک کار پرجا رہا تھا۔ داعش کی طرف سے العدنانی کے قتل کی خبر سامنے آتے ہی امریکی محکمہ دفاع کے ایک عہدیدار نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ داعشی ترجمان کو اتحادی طیاروں نے شمالی شام کے شہر حلب میں الباب کے مقام پر اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ ایک کار میں سفر کررہا تھا۔ قبل ازیں پینٹاگون کی طرف سے جاری (کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ داعش کے اہم کمانڈر کو شام میں الباب کے مقام پر نشانہ بنایا گیا ہے تاہم وہ تصدیق نہیں کرسکتے کہ آیا حملے کانشانہ بننے والا داعش کا ترجمان ابو محمد العدنانی ہے یا کوئی اور ہے۔ دوسری جانب ایک رپورٹ کے مطابق تنظیم کے سرکاری ترجمان ابو محمد العدنانی کی ہلاکت دہشت گرد گروہ پر انتہائی شدید ضرب ہے۔ العدنانی کو تنظیم کا ایک اہم رہ نما شمار کیا جاتا ہے۔ وہ داعش کے سربراہ ابوبکر بغدادی کے علاوہ دیگر بانی ارکان میں زندہ باقی رہ جانے والا آخری شخص تھا۔ العدنانی بیرونی دنیا میں حملوں کی کارروائیوں کا اعلیٰ ذمے دار تھا۔ اس کی ہلاکت کے ساتھ ہی داعش تنظیم چند ماہ کے دوران اپنے 3 سرکردہ رہ نماؤں سے ہاتھ دھو چکی ہے۔ رواں ماہ 20 اگست کو عراق میں مشترکہ آپریشنز کی قیادت نے شمالی شہر موصل پر عراقی فضائیہ کے حملے میں داعش تنظیم کے 19 کمانڈروں کی ہلاکت کا اعلان کیا تھا۔ رواں سال جولائی میں داعش نے اپنے ایک اہم ترین کمانڈر ابو عمر الشیشانی کی ہلاکت کا اعلان کیا۔ امریکی محکمہ دفاع نے موصل کے جنوب میں شرقاط کے علاقے میں مارے جانے والے الشیشانی کو داعش تنظیم کا وزیر جنگ قرار دیا تھا۔ اسی ماہ میں عراقی فورسز کی جانب سے کرمہ اور فلوجہ کو آزاد کرانے کی کارروائیوں کے دوران داعش کے سربراہ البغدادی کا ایک نائب حجی حمزہ جو والی فلوجہ کے نام سے جانا جاتا تھا، اپنے متعدد معاونین سمیت مارا گیا۔