قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کراچی نے ناہور وائٹس کو7وکٹوں سے شکست دیدی

179

راولپنڈی(جسارت نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کپ میں کراچی وائٹس نے لاہور وائٹس کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی۔فاتح ٹیم کی جانب سے اکبر الرحمن نے 65رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ‘عمر اکمل کی 81اورسلمان بٹ کی 73رنز کی اننگز رائیگاں گئی سلمان بٹ کو اسد شفیق نے شاندار کیچ پکڑ کرپویلین واپسی کا راستہ دکھایا ‘سہیل خان نے 2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے میچ میں کراچی وائٹس کی ٹیم نے ٹاس جیت کر لاہور وائٹس کی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی،لاہور وائٹس کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں4 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے، عمر اکمل نے 44 گیندوں پر 6 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 81 رنزکی شاندار اننگز کھیلی، سلمان بٹ نے 57 گیندوں پر 3چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 73 رنز بنائے، سہیل خان نے 30 رنز دے کر2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جواب میں کراچی وائٹس نے مطلوبہ ہدف 18 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرکے 179 رنز بنائے، طارق میمن نے 18 گیندوں پر3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 42 رنزبنائے اور اکبر رحمن نے 38 گیندوں پر 2 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 65 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، احسان عادل نے 29 رنز دے کر، ضیاء الحق نے 32 رنز اور عماد بٹ نے 44 رنز دے کر ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا،اکبر رحمن مین آف دی میچ قرار پائے۔